تاثیر۳۰ جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جھنجھنو، 30 جولائی :جھنجھنو ضلع کے سنگھانہ علاقے میں منگل کی صبح بس کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار دادا اور پوتے کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ جبکہ پوتی شدید زخمی ہے۔ اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ دادا اپنے پوتے کو اسکول چھوڑنے جا رہے تھے۔ موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مارنے کے بعد بس الٹ گئی۔ پولس کے مطابق ریٹائرڈ حولدار ستیہ ویر سنگھ (60) ولد شوبھ سنگھ ساکن رائے پور جاٹان اپنی پوتی شکشا (10) اور پوتے پرویش (6) کے ساتھ صبح بائک پر گاؤں سے نکلے تھے۔ وہ بچوں کو 5 کلومیٹر دور گھرڈانہ میں واقع پرائیویٹ اسکول میں چھوڑنے جارہے تھے۔ سنگھانہ کمیونٹی ہسپتال کے انچارج ڈاکٹر دھرمیندر سینی نے بتایا کہ یہ حادثہ گھردانہ اسکول سے صرف 1 کلو میٹر دور ہوا، انہوں نے بتایا کہ ستیہ ویر سنگھ اور پرویش کو سنگھانہ کے سرکاری اسپتال لایا گیا تھا۔ جہاں ڈاکٹر نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔ زخمی لڑکی شکشا کو چیراوا کے سرکاری اسپتال لے جایا گیا جہاں سے اسے جے پور ریفر کردیا گیا ہے۔ شکشا کی حالت بھی ابتر ہے۔ متوفی ستیہ ویر 1998 میں مہار رجمنٹ ساگر (مدھیہ پردیش) سے حوالدار کے طور پر ریٹائر ہوئے تھے۔ پرویش ایک پرائیویٹ اسکول میں یو کے جی کی کلاس کا طالب علم تھا۔ اسی اسکول میں بڑی بہن شکشا چوتھی جماعت میں پڑھتی تھی۔ دونوں بچوں کے والد سنجیو کمار بی ایس ایف میں ہیں۔ وہ آئی بی دہلی میں تعینات ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پورے گاؤں کا ماحول سوگوار ہو گیا ہے، سنگھانہ تھانے کے اے ایس آئی دھڑ سنگھ نے موقع پر پہنچ کر پوچھ گچھ کی۔ ہیڈ کانسٹیبل دھرم پال یادو نے بتایا کہ بس جسرا پورہ (کھیتری) سے چیراوا جا رہی تھی۔ اس میں تقریباً 10 مسافر سوار تھے۔ گھردانہ خورد میں سڑک پر بس کے سامنے اچانک بکریاں نمودار ہوئیں۔ انہیں بچانے کی کوشش میں بس بے قابو ہو گئی اور آگے بڑھنے والی بائک سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی۔

