بی جے پی والوں نے ہمارا دفتر توڑ ا، ہم ان کی حکومت توڑ یں گے: راہل گاندھی

تاثیر۶      جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

احمد آباد، 6 جولائی : ہفتہ کو، کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے احمد آباد کے پالڈی میں راجیو گاندھی بھون میں پارٹی کارکنوں سے پر جوش خطاب کیا ۔ گجرات میں بی جے پی کو شکست دینے کے لیے اب تیار ہونے کو کہا۔ رام مندر، ابھے مدرا اور وزیر اعظم نریندر مودی کا ذکر کرکے انہوں نے بی جے پی کو چاروں طرف سے گھیرنے کی کوشش کی۔
راہل گاندھی کانگریس کے دفتر پر پتھراؤ اور پارٹی کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے گجرات کے دورے پر ہیں۔ ان کا گجرات میں مختلف حادثات کے متاثرین کے اہل خانہ سے ملاقات کا پروگرام بھی ہے۔ راہل گاندھی نے گجرات کانگریس کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ گجرات میں کانگریس کی جیت ہوگی۔ بی جے پی نے ان کا دفتر توڑا ہے، ہم ان کی حکومت توڑ یں گے۔
ایودھیا میں بی جے پی کی شکست کا ذکر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی ایودھیا میں ہار گئی کیونکہ جن لوگوں کی زمینیں بی جے پی نے ایودھیا میں لی تھی انہیں رام مندر کے تقدس میں جگہ نہیں ملی۔ راہل گاندھی نے کارکنوں سے کہا کہ انتخابات میں کانگریس کے کارکنان ایودھیا میں ببر شیر کی طرح انڈیا اتحاد کے لیے کھڑے ہوئے اور وہاں بی جے پی ہار گئی۔ راہل گاندھی نے گجرات کے کانگریسی کارکنوں سے کہا کہ آپ لوگوں نے بہت لاٹھیاں برداشت کی ہیں، اب انہیں ہٹانا ہوگا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے منشور نے بی جے پی کو بیک فٹ پر کھڑا کردیا۔ ایسا ہی منشور گجرات کے لیے بھی بنانا ہے لیکن یہ گجرات کے لوگوں سے بات کر کے بنانا ہے۔