تنزانیہ کی قومی اسمبلی کی اسپیکر نے صدر جمہوریہ سے دہلی میں ملاقات کی

تاثیر۲۴  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 24 جولائی:متحدہ جمہوریہ تنزانیہ کی قومی اسمبلی کی اسپیکر اور بین پارلیمانی یونین کی چیئرپرسن ڈاکٹر ٹولیا ایکسن نے بدھ کو راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔ ایکسن کا ہندوستان میں خیرمقدم کرتے ہوئے صدر نے انہیں 26-2023 کے لئے بین پارلیمانی یونین (آئی پی یو) کے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ صدر مرمو نے کہا کہ ہمارے ارکان پارلیمنٹ اس کی مختلف کمیٹیوں بشمول ایگزیکٹو کمیٹی میں سرگرم حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے اہم عالمی مسائل پر بحث کے لیے پارلیمنٹرینز کو پلیٹ فارم فراہم کرنے پر آئی پی یو کی ستائش کی۔ صدرمرمو نے یقین ظاہر کیا کہ آئی پی یو کے صدر کی حیثیت سے ڈاکٹر ایکسن رکن ممالک کے درمیان افہام و تفہیم اور بات چیت کو مزید مضبوط کریں گی۔
آئی پی یو کی اقدار اور مقاصد کو برقرار رکھنے کی سمت میں کام کریں گے اور ساتھ ہی اسے گلوبل ساؤتھ سے متعلقہ مسائل کو اٹھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کریں گی۔ صدرمرمو نے کہا کہ ہندوستان اور تنزانیہ کے درمیان روایتی طور پر قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ تنزانیہ میں ہندوستانی برادری ہندوستان-تنزانیہ دوستی کے لئے ایک اہم پل کا کام کرتی ہے۔ انہوں نے اکتوبر 2023 میں اپنے سرکاری دورے کے دوران صدر سامعہ سلوہ حسن کے ساتھ ملاقات اور اپنی بات چیت کو بھی یاد کیا۔