دوارکا میں 125 سال پرانا مکان منہدم، 3 ہلاک

تاثیر۲۴  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ارکا، 24 جولائی :دوارکا ضلع کے کھمبھالیہ قصبے میں راجدا روڈ (گگوانی پھلڈی) پر 125 سال پرانا مکان گرنے سے تین افراد کی موت ہو گئی۔ اس واقعے میں 7 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ منگل کی شام چھ بجے پیش آیا، راجدا روڈ پر گگوانی پھالیہ میں رہنے والے اشوک کنجریا کا تین منزلہ مکان بارش کی وجہ سے اچانک گر گیا۔ جس کے باعث گھر میں موجود ایک ہی خاندان کے 10 افراد ملبے تلے دب گئے۔ فائر بریگیڈ نے مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر فوری طور پر ریسکیو آپریشن کیا اور بچوں سمیت گھر کے 7 افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ ان سات افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ اس واقعہ میں اشوک بھائی کی 65 سالہ ماں کیشربین کنجریا اور ان کی دو بیٹیاں پائل (18) اور پریتی کنجریا (13) ملبے تلے دب گئیں۔ اس کی وجہ سے انتظامیہ نے اے ڈی آر ایف کی مدد لی۔ این ڈی آر ایف کی ٹیم نے ایک ریسکیو آپریشن کیا جس میں رات دیر گئے تینوں شدید زخمیوں کو یکے بعد دیگرے باہر نکالنے میں کامیابی ملی۔ تینوں کو قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے تینوں کو مردہ قرار دے دیا۔ ایک ہی خاندان کے تین افراد کے جاں بحق ہونے سے جام کھمبالیہ کے علاقے میں سوگ کا سماں ہے۔