دہلی ایکسائز گھوٹالے سے متعلق سی بی آئی کیس میں کیجریوال، سسودیا اور کے کویتا کی عدالتی حراست میں توسیع

تاثیر  یکم   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 31 جولائی: قومی راجدھانی دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے دہلی ایکسائز اسکام سے متعلق سی بی آئی کیس میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور بی آر ایس لیڈر کے کویتا کی عدالتی تحویل میں 9 اگست تک توسیع کر دی ہے۔ خصوصی جج کاویری باویجا نے یہ حکم دیا۔ ان تینوں کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا کیونکہ ان کی عدالتی حراست کی مدت آج ختم ہو گئی تھی، سی بی آئی نے اس معاملے میں 29 جولائی کو کیجریوال کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔ اس سے پہلے 22 جولائی کو راؤز ایونیو کورٹ نے کے کویتا کے خلاف سی بی آئی کی طرف سے داخل کی گئی چارج شیٹ کا نوٹس لیا تھا۔ کویتا کو اس معاملے میں سی بی آئی نے 11 اپریل کو گرفتار کیا تھا۔ اس معاملے میں اب تک 18 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں اروند کیجریوال، منیش سسودیا، عام آدمی پارٹی کے ایم پی سنجے سنگھ، بی آر ایس لیڈر کے کویتا شامل ہیں۔ سپریم کورٹ نے سنجے سنگھ کو باقاعدہ ضمانت دے دی ہے۔