دہلی- ممبئی ایکسپریس وے پر تیز رفتار کار الٹ گئی، پنجاب کے دو رہائشی ہلاک، 3 زخمی

تاثیر۱۳  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

دوسہ، 13 جولائی: ضلع سے گزرنے والے دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر رفتار کا قہر دیکھنے کو ملا ہے۔ یہاں ہفتہ کی صبح تقریباً 4 بجے راہوواس تھانہ علاقہ میں ایک اسکارپیو بے قابو ہو کر الٹ جانے سے دو لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ وہیں تین افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار کے پرخچے اڑ گئے۔ مرنے والے اور زخمی چنڈی گڑھ کے رہنے والے ہیں ، جو مہاراشٹر کے ناندیڑ جا رہے تھے۔ ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو دوسہ ڈسٹرکٹ اسپتال کے مردہ خانہ میں رکھا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اسکارپیو دہلی سے مہاراشٹر کی طرف دہلی- ممبئی ایکسپریس وے پر جا رہی تھی۔ اس دوران اسکارپیو نے کنٹرول کھو دیا اور پلر نمبر 206 کنتل واس پلیا کے قریب تیز رفتاری سے الٹ گئی۔
اس حادثے میں چنڈی گڑھ کے رہنے والے سونو سنگھ (40) ساکن گرو نانک کالونی، کھرڑ موہالی پنجاب، چرن ویر سنگھ (36) ساکن تنگمئی، سیار پور پنجاب کی موت ہوگئی۔ وہیں پنجاب کے شیر گڑھ بھٹنڈہ کے ساکن جے دیپ سنگھ،گرونانک کالونی کھرڑ موہالی کے رہائشی کمرجیت سنگھ اور سندیپ سنگھ زخمی ہوگئے۔ تمام زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جہاں سے ڈاکٹروں نے شدید زخمی کمرجیت سنگھ کو ابتدائی طبی امدادکے بعد انہیں جے پور ریفر کر دیا۔ پولیس نے کرین کے ذریعے تباہ شدہ گاڑی کو ہٹا کر ٹریفک کو رواں دواں بنایا۔ حادثہ اسکارپیو ڈرائیور کو نیند کی جھپکی آنے سے ہوا۔ اس کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔