دہلی پولیس نے ہریانہ پولیس کے ساتھ مل کر ایک انکاؤنٹر میں تین بد معاشوں کو ہلاک کر دیا

تاثیر۱۳  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 13 جولائی :دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے ہریانہ ایس ٹی ایف کے ساتھ مل کر ہمانشو بھاؤ گینگ کے تین شارپ شوٹروں کو ایک انکاؤنٹر میں ہلاک کر دیا۔ یہ انکاؤنٹر سونی پت کے کھرکھوڈہ گاؤں کے چنولی روڈ پر ہوا۔ انکاؤنٹر میں شوٹر آشیش عرف لالو جو ہریانہ اور دہلی پولیس کے لیے درد سر بنے ہوئے تھے، سنی کھرار اور وکی ردھانا مارے گئے۔ پولیس نے تینوں سے 5 جدید پستول برآمد کر لیے ہیں۔ ہریانہ پولیس نے تینوں پر انعام کا اعلان کیا تھا۔ ان شوٹروں نے حصار کے کئی تاجروں سے کئی کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
انکاؤنٹر میں مارے گئے مجرم ہریانہ کے لیے کافی دنوں سے درد سر بنے ہوئے تھے، ان میں سے دو نے کچھ عرصہ قبل راجوری گارڈن علاقے میں ایک نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ پولیس مسلسل ان کی تلاش میں تھی۔ حصار سمیت ہریانہ کے کئی اضلاع میں بھتہ خوری اور قتل کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔ ان وارداتوں میں ان شوٹروں کے نام بھی سامنے آرہے تھے۔ پولیس نے ان کی گرفتاری پر کئی لاکھ کے انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔ کل دیر رات کرائم برانچ کو اطلاع ملی کہ برگر کنگ قتل کیس کا ملزم کھرکھودہ گاؤں کے قریب ہے۔
پولیس نے اطلاع کی تصدیق کرتے ہوئے ہریانہ پولیس کو معاملے کی اطلاع دی۔ اس کے بعد کرائم برانچ نے ہریانہ پولس کے ساتھ مل کر کار میں بھاگ رہے ملزمان کو رکنے کو کہا۔ اس پر ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔ یہاں پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ واقعے میں تینوں ملزمان گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔ پولیس نے فوری طور پر تینوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا۔ جہاں ڈاکٹروں نے تینوں کو مردہ قرار دے دیا۔