تاثیر۱۷ جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 17 جولائی:سری لنکا کے آئندہ دورے کے لیے ٹیم کے موجودہ نائب کپتان ہاردک پانڈیا کی جگہ سوریہ کمار یادو کو ہندوستان کا نیا ٹی 20 کپتان مقرر کیا جانا طے ہے۔ سوریہ کمار روہت شرما کی جگہ لیں گے، جنہوں نے گزشتہ ماہ کیریبین سرزمین پر ٹی۔20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد وراٹ کوہلی اور رویندر جڈیجا کے ساتھ ٹی۔20 انٹرنیشنلز سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
حالانکہ ہاردک ٹی۔20 ورلڈ کپ میں روہت کے نائب کپتان تھے اور بہت زیادہ تجربہ کار کپتان ہیں۔ انہوں نے آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنز اور ممبئی انڈینز کی قیادت کرنے کے علاوہ تین ون ڈے اور 16 ٹی۔20 میچوں میں ہندوستان کی قیادت کی ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق ہاردک کو کپتان نہیں بنائے جانے کے پیچھے فٹنس کے خدشات اور کام کے بوجھ کا انتظام اہم وجوہات ہیں۔
ہاردک کو گزشتہ اکتوبر-نومبر میں گھریلو میدان پر 50 اوور کے ورلڈ کپ کے دوران ٹخنے میں چوٹ لگی تھی اور وہ آئی پی ایل 2024 کے آغاز تک ایکشن سے باہر تھے۔ اس کے بعد وہ ممبئی کی کپتانی کرنے کے لیے واپس آئے تھے۔ وہ صرف ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے لیے واپس آئے تھے۔ درحقیقت، ہاردک نے 2022 کے آغاز سے لے کر اب تک بھارت کی طرف سے کھیلے گئے 79 ٹی۔20 میچوں میں سے صرف 46 میں حصہ لیا ہے۔
دریں اثنا سوریہ کمار اس سے قبل گھریلو سرکٹ میں ممبئی کی کپتانی کر چکے ہیں۔ ابھی حال ہی میں انہوں نے گزشتہ سال نومبر میں آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز 1-4 سے جیتنے میں ہندوستان کی قیادت کی۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ میں 1-1 سے سیریز برابر ہوئی۔ سوریہ کمار بھی اس فارمیٹ میں ہندوستان کی پہلی پسند گیارہ کے پہلے ناموں میں شامل ہیں۔
سری لنکا میں ٹی 20 انٹرنیشنل نئے کوچ گوتم گمبھیر کی قیادت میں ہندوستان کا پہلا دورہ ہوگا، جو ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد راہل دراوڑ کی جگہ لیں گے۔ اسے اگلے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کی جانب پہلا قدم بھی سمجھا جا رہا ہے، جس کی میزبانی بھارت 2026 میں کرے گا۔
شبھمن گل کی قیادت میں ایک نوجوان ہندوستانی ٹیم اس ہفتے کے شروع میں زمبابوے کے خلاف 1-4 سے ٹی 20 بین الاقوامی سیریز جیتنے کے بعد واپس آئی ہے۔ اس ٹیم میں ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے صرف تین کھلاڑی شامل تھے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ سلیکٹرز بدھ کو ایک میٹنگ کر کے دورے پر جانے والی ٹیم کو حتمی شکل دیں گے۔ اس دورے میں تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کے ساتھ ساتھ تین ون ڈے میچ بھی ہوں گے۔

