عبداللہ اعظم کے پاسپورٹ معاملے میں فیصلہ محفوظ

تاثیر۲۶  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پریاگ راج، 26 جولائی: الہ آباد ہائی کورٹ نے سینئر سماج وادی پارٹی لیڈر اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم کے فرضی پاسپورٹ مقدمے میں فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ جسٹس راجیو مشرا نے مقمدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد یہ حکم دیا۔ غلط تاریخ پیدائش پر جعلی پاسپورٹ بنانے کے معاملے میں عبداللہ اعظم خان نے ٹرائل کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں کچھ ویڈیو کلپس، شادی کے کارڈ وغیرہ جیسے دستاویزات کی مصدقہ کاپیاں داخل کرنے کی اجازت مانگی گئی تھی۔ ٹرائل کورٹ نے درخواست مسترد کر دی تھی۔ ٹرائل کورٹ کے اس حکم کو عبداللہ اعظم نے درخواست میں چیلنج کیا ہے۔ اس سے قبل ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کی کارروائی پر روک لگا دی تھی۔بی جے پی لیڈر آکاش سکسینہ نے 30 جولائی 2019 کو جعلی پاسپورٹ کیس میں عبداللہ کے خلاف دھوکہ دہی اور پاسپورٹ ایکٹ کی دفعات کے تحت رام پور کے سول لائنز تھانے میں مقدمہ درج کرایا تھا۔ رامپور کے ایم پی ایم ایل اے کورٹ میں اس معاملے کی سماعت جاری ہے۔ عبداللہ پر غلط دستاویزات سے پاسپورٹ بنانے کا الزام ہے۔الزام ہے کہ عبداللہ اعظم کا تعلیمی سرٹیفکیٹ اور محکمہ پاسپورٹ کو دی گئی معلومات مختلف ہیں۔ شکایت کے مطابق عبداللہ کو پاسپورٹ نمبر زیڈ-4307442 10 جنوری 2018 کو جاری کیا گیا تھا۔ اس میں عبداللہ کی تاریخ پیدائش 30 ستمبر 1990 بتائی گئی ہے جب کہ تعلیمی اسناد میں یہ یکم جنوری 1993 ہے۔