ممبئی کو ’اڈانی سٹی‘ بنانے کی سازش : ادھو ٹھاکرے

تاثیر۲۰  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 20 جولائی: ممبئی میں ہفتہ کے روز ادھو ٹھاکرے نے ریاستی حکومت کی سخت تنقید کی اور ممبئی کی بستی دھاراوی ری ڈیولپمنٹ کا مسئلہ اٹھاتے ہوے کہا کہ ریاستی حکومت ممبئی کو اڈانی سٹی بنانے کی سازش کر رہی ہے۔ اسی وجہ سے ممبئی کے دھاراوی علاقے کے ری ڈیولپمنٹ پلان کا کام صنعتکار اڈانی کو سونپا گیا ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ دھاراوی کے باشندوں کی بازآبادکاری کرتے ہوئے انہیں اسی جگہ 500 مربع فٹ کا مکان ملنا چاہیے۔ اگر اڈانی دھاراوی کے مکینوں کو 500 مربع فٹ مکانات فراہم کرنے کے قابل نہیں ہے تو انہیں اس پروجیکٹ سے دستبردار ہونا چاہیے۔
ہفتہ کو ممبئی میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ انتخابات کے پیش نظر حکومت فرضی اسکیموں کی بارش کر رہی ہے۔ انہیں لگتا ہے کہ لوگ اسکیموں کے جال میں پھنس جائیں گے اور ان جعلی اسکیموں کی آڑ میں وہ اپنے ٹھیکیدار دوستوں کا فائدہ کرنا چاہتے ہیں۔ اسی سلسلے میں ممبئی کو اڈانی سٹی بنانے کا کام جاری ہے۔ ساتھ ہی اس پروجیکٹ کے نام پر حکومت 20 سائٹس بشمول کرلا کی مدر ڈیری، دہیسر ٹول ناکا، ملند ٹول ناکا اڈانی کو دینے جا رہی ہے۔
ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ اس پروجیکٹ میں دھاراوی کے اصل شہریوں کو زبردستی نااہل قرار دیا جا رہا ہے۔ ریاستی حکومت دھاراوی کو صرف ایک کچی آبادی کے طور پر دیکھ رہی ہے، جب کہ یہ ایک صنعتی اسٹیٹ ہے۔ ہر گھر میں مائیکرو انڈسٹری ہے۔ اس میں کمہار اور چمڑے کی صنعتیں ہیں۔ اس لیے ان تمام لوگوں کو یہاں رہنے کے ساتھ ساتھ روزی روٹی کمانے نشو نما کے لیے بھرپور ماحول ملنا چاہیے۔