مہاراشٹر اسمبلی الیکشن کیلئے سماجوادی پارٹی تیار

تاثیر۱۳  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

قومی صدر اکھلیش یادو کی پارٹی کارکنان کو بوتھ سطح پر پارٹی کو مستحکم کرنے اورانتخابی مفاہمت نہ ہونے کی صورت میں تنہا الیکشن کیلئے تیار رہنے کی ہدایت

ممبئی مہاراشٹر میں سماجوادی پارٹی نے  بھی اسمبلی الیکشن کیلئے خم ٹھونک دیا ہے  ایس پی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے پارٹی کارکنان کی اہم میٹنگ میں یہ واضح کیا ہے کہ سماجوادی پارٹی کارکنان الیکشن کیلئے تیار رہے کیونکہ اسمبلی اور کارپوریشن الیکشن میں سماجوادی پارٹی پوری طاقت کے ساتھ انتخابی میدان میں حصہ لے گی اگر مہا وکاس اگھاڑی اور انڈیا الائنس سے انتخابی مفاہمت ہوئی تو متحدہ الیکشن ہوگا بصورت دیگر پارٹی مہاراشٹر اسمبلی الیکشن میں اپنے بل بوتے پر انتخابی میدان میں اتریگی اور پورے مہاراشٹر میں امیدوار کھڑے کئے جائیں گے اسی طرح ممبئی میونسپل کارپوریشن بی ایم سی الیکشن کی تیاری بھی کرنے کی کارکنان کوہدایت دی ہے۔
اکھلیش یادو نے امید کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ انڈیا الائنس متحدہ طور پر انتخابی میدان میں اپنی حکمت عملی کے ساتھ اترنے کو تیار ہے اگر کسی صورت سماجوادی پارٹی کو نظر اندازکیا گیا تو مہاراشٹر میں تنہا پارٹی الیکشن لڑے گی۔ انہوں نے پارٹی کارکنان  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 19جولائی کو ایس پی اراکین پارلیمنٹ کی استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی اس کو کامیابی سے ہمکنار کر نے کیلئے کارکنان کوئی بھی کسر باقی نہ رکھیں انہوں نے کہا کہ پارٹی کو بوتھ سطح پر مستحکم کر نے کیلئے کارکنان کوششیں کرے اس کے ساتھ ہی عوامی سر گرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے عوام کے درمیان جاکر عوامی خدمات میں حصہ لے۔ اکھلیش یادو نے یہاں ممبئی میں سماجوادی پارٹی کارکنان کی ایک اہم میٹنگ سے خطاب کر تے ہوئے مہاراشٹر اور بی ایم سی الیکشن کیلئے کارکنان کو تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔