تاثیر۱۵ جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
بٹلر، 14 جولائی: امریکہ میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی ریلی پر فائرنگ کرنے والے شخص کی گاڑی اور گھر سے دھماکہ خیز مواد اور بم بنانے کا مواد برآمد ہوا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے یہ اطلاع دی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کے گھر سے بم بنانے کا سامان بھی ملا ہے۔
دو اہلکاروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ معلومات دی۔ واضح رہے کہ ٹرمپ (78) ہفتے کو پنسلوانیا میں ایک ریلی میں اس وقت بال بال بچ گئے جب ایک 20 سالہ حملہ آور نے ان پر کئی گولیاں چلائیں۔ اس حملے میں وہ زخمی ہو گئے اور ان کے کان پر چوٹ آئی۔ فائرنگ کے اس واقعے میں ٹرمپ کی ریلی میں موجود ایک شخص اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔’سیکرٹ سروس’ کے اہلکاروں نے حملہ آور کو مار گرایا۔
میلانیا ٹرمپ نے امریکیوں سے نفرت سے اوپر اٹھنے کی اپیل کی
قاتلانہ حملے کے دوران اپنے شوہر اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بال بال بچ جانے کے کئی گھنٹے بعد، میلانیا ٹرمپ نے اتوار کے روز امریکیوں سے “نفرت سے اوپر اٹھنے” اور “محبت سے بھری” دنیا قائم کرنے کی اپیل کی۔شوہر کے زخمی ہونے کے بعد اپنے پہلے ردعمل میں میلانیا ٹرمپ (54) نے یہ بتانے کی کوشش کی کہ اس واقعے کا ان کے اور ان کے خاندان کے لیے کیا معنی ہیں۔ انہوں نے ہم وطنوں سے ‘نفرت سے اوپر اٹھنے’ کی اپیل کی۔ اتوار کو ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں، میلانیا نے اپنے شوہر کی حفاظت کے لیے سیکرٹ سروس ایجنٹس اور قانون نافذ کرنے والے افسران کا شکریہ ادا کیا۔
بائیڈن قوم سے خطاب کریں گے
امریکی صدر جو بائیڈن اتوار کی دو پہر اپنے پیشرو ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی میں گولہ باری کے حوالے سے ‘سیچویشن روم’ بریفنگ کے بعد قوم سے خطاب کریں گے۔ صدر کے خطاب کا اعلان اس وقت کیا گیا محکمہ داخلہ،سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام کی جانب سے واقعے کے بارے میں بریفنگ دیئے جانے کے بعد بائیڈن کے خطاب کا اعلان کیاگیا۔ صدر کے دفتر نے ٹرمپ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے لوگوں سے یکجہتی برقرار رکھنے کی اپیل کی۔
کملا ہیرس نے معلومات حاصل کی
نائب صدر کملا ہیرس نے اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ، ہوم لینڈ سیکورٹی کے سکریٹری الیزینڈرو میئرکاس اور فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے سمیت اعلیٰ تفتیش کاروں سے واقعہ کے تعلق سے معلومات حاصل کی۔ وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون اور سیکرٹ سروس کے ڈائریکٹر کم چیٹل نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔