چدمبرم نے حکومت کے سامنے ایم ایس پی کی قانونی گارنٹی سمیت پانچ مطالبات رکھے

تاثیر۲۴  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 24 جولائی:کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے بدھ کے روز مرکزی حکومت سے بجٹ سے متعلق پانچ مطالبات پیش کئے، جن میں قانونی طور پر ایم ایس پی کی ضمانت بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مطالبات ضروری ہیں اور حزب اختلاف انڈیا اتحاد اس کے لئے جدوجہد جاری رکھے گا۔ پی چدمبرم، جو یو پی اے حکومت میں وزیر خزانہ تھے، نے آج راجیہ سبھا میں مطالبہ کیا کہ تمام قسم کے روزگار کے لئے کم از کم اجرت 400 روپئے یومیہ کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو قانونی ضمانت کے ساتھ ایم ایس پی دے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ مارچ 2024 تک دئے گئے تعلیمی قرض کی قسطوں کے لئے بقایا رقم پر سود معاف کیا جائے۔ چدمبرم نے اگنی ویر اسکیم کو مکمل طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے میدیکل داخلہ جاتی امتھان نیٹ کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کچھ ریاستیں اسے برقرار رکھنا چاہتی ہیں تو دیگر تمام ریاستیں جو نیٹ نہیں چاہتی ہیں، انہیں مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ان مطالبات کو نہیں مانتی ہے تو یہ مطالبہ پورے ملک سے اٹھایا جائے گا۔ یہ اس وقت تک ہوتے رہیں گے جب تک حکومت ان مطالبات کو پورا نہیں کرتی۔