چندولی میں تیز رفتار بولیرو درخت سے ٹکرا کر گڑھے میں الٹ گئی، تین کی موت

تاثیر۲۶  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

چندولی، 26 جولائی: ضلع کے کنوا تھانہ علاقہ کے برہنی قصبے کے قریب جمعرات کی رات دیر گئے ایک تیز رفتار بولیرو بے قابو ہوکر درخت سے ٹکرا کر گڑھے میں جاکر الٹ گئی۔ اس حادثے میں بولیرو گاڑی میں سوار تین افراد کی موت ہو گئی۔ اس دوران دو دیگر زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر زخمیوں کو اسپتال پہنچا دیا۔
مرنے والوں کی شناخت دھننجے یادو (27) ولد اوم پرکاش ساکن بھان پور تھانہ درگاوتی بہار، گڈو یادو (24) ولد بھیم یادو ساکن محمد پور تھانہ سید راجا چندولی، سونو یادو (32) ولد کیشو یادوساکن بھانپور تھانہ درگاوتی بہار کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمیوں میں نرما تھانہ درگاوتی بہار کے رہنے والے سشیل یادو اور راہل یادو شامل ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جاں بحق اور زخمی نوجوانوں کے لواحقین اور بھی اسپتال پہنچ گئے۔
مقامی لوگوں کے مطابق بولیرو پر سوار نوجوان بابا کینارام استھلی کے درشن اور پوجا کر کے رات کو گھر واپس جا رہے تھے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ بولیرو چلانے والے نوجوان کو تھکاوٹ کی وجہ سے نیند آ گئی اور گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ گھر والوں کو واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گاوں میں افراتفری مچ گئی اور گاؤں کے لوگ بھی اہل خانہ کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ انہیں بتایا گیا کہ متوفی دھننجے عرف بھولا یادو اپنے والد اوم پرکاش کا اکلوتا بیٹا تھا۔