تاثیر۳۰ جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، یکم جولائی : مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے ڈاکٹروں کے قومی دن پر تمام ڈاکٹروں کو مبارکباد دی ہے۔ پیر کو ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز بھگوان کا روپ ہیں۔ لاتعداد بار ڈاکٹر زندگی بچانے والے بن کر ابھرے ہیں۔ دنیا نے کووڈ۔19 وبائی امراض کے دوران ہندوستانی ڈاکٹروں اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کی قابلیت اور عمدگی کا مشاہدہ کیا ہے۔ تمام ڈاکٹروں کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طبی دنیا ہمیشہ اپنی مہارت اور انسانی جذبے سے ہمیں متاثر کرتی رہے گی۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں نیشنل ڈاکٹر ڈے منانے کا آغاز یکم جولائی 1991 سے ہوا تھا۔ یہ دن یکم جولائی 1882 کو پیدا ہونے والے ڈاکٹر بدھان چندر رائے کے اعزاز میں منایا جانے لگا۔ ڈاکٹر بدھان چندر رائے نہ صرف ایک ڈاکٹر تھے بلکہ ایک استاد، مجاہدآزادی اور سماجی کارکن بھی تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی ضرورت مندوں کی خدمت کے لیے وقف کر دی۔ ہر سال ہندوستان میں ڈاکٹروں کا قومی دن ایک مختلف اور منفرد تھیم پر منایا جاتا ہے۔ اس سال کا تھیم ہے “سیلیبریٹنگ ریزیلینس اور ہیلنگ ہینڈز”۔ یہ تھیم ان ڈاکٹروں کے اعزاز میں رکھا گیا ہے جو وبائی امراض کے دوران بغیر تھکے، بغیر رکے اور اپنی پرواہ کیے بغیر دن رات دوسروں کی خدمت کر رہے ہیں۔