ڈوڈہ کے اْڑاڑ بگی میں دہشت گردوں کے ساتھ تصادم میں پانچ فوجی جوان شہید

تاثیر۱۶  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جموں، 16 جولائی: ضلع ڈوڈہ کے پہاڑی علاقے اْڑاڑ بگی میں پیر کی شام دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسسز کے درمیان جھڑپ کے بعد سیکورٹی فورسسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے لیا ہے۔ تاہم دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اْٹھاتے ہوئے جائے تصادم سے فرار ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ تصادم میں فوج کے ایک افسر سمیت پانچ جوان شہید ہو گئے ہیں، لیکن سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
واضح ہو کہ ضلع ڈوڈہ میں طویل عرصے تک امن کے بعد ایک مرتبہ پھر دہشت گردانہ سرگرمیاں بڑھ رہی ہے۔ بھدرواہ کے چھتر گلہ میں دہشت گردوں نے مشترکہ فورسسز کی پوسٹ پر حملہ کیا تھا، جس میں چھ اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ اْس کے بعد کوٹھا ٹاپ میں بھی دہشت گردوں نے پولیس کی ایس او جی کو نشانہ بنایا جس میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا تھا۔
دہشت گردوں کی علاقے میں موجودگی کے بعد سیکورٹی فورسسز ہائی الرٹ پر ہیں۔ گندو کے سینو میں تین غیر ملکی دہشت گردوں کو فورسسز نے ایک تصادم میں بے اثر کر دیا تھا۔ ضلع ڈوڈہ کے کوٹی، گادی، لال درمن میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع کے بعد پولیس، ایس او جی، فوج مشترکہ طور پر سرچ آپریشن چلا رہی ہیں۔ چند روز قبل گادی میں بھی دہشت گردوں اور فورسسز کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی، تاہم دہشت گرد وہاں سے فرار ہو گئے تھے۔
جنگلاتی علاقے میں چھپے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لئے جاری سرچ آپریشن کے دوران جیسے ہی فوج کے جوان اْڑ اْڑ بگی کے جنگلاتی علاقے میں پہنچے تو وہاں چھپے ہوئے دہشت گردوں نے اْن پر فائرنگ شروع کر دی۔ آخری اطلاع ملنے تک علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری تھا۔