تاثیر۲۰ جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
رانچی، 20جولائی (اسٹاف رپورٹر) روزنامہ ’’تاثیر‘‘ کے چیف ایڈیٹر ڈاکٹر محمد گوہر نےسنیچر کے روز جھارکھنڈ حکومت کے محکمہ دیہی ترقیات، رورل ورکس اور پنچایتی راج کے کابینہ وزیر جناب عرفان انصاری سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انھیں کابینہ وزیر کی ذمہ داریوں کے لئےمبارک کے ساتھ گلدستہ پیش کیا۔ ساتھ ہی اس یقین کا اظہار کیا کہ سیاست کے میدان میں جس خلوص اور نیک نیتی کے ساتھ وہ عوام کی خدمت کرتے اور آگے بڑھتے رہے ہیں اسی خلوص اور محبت کے ساتھ آئندہ بھی عوام کے مسائل کے ساتھ کھڑے رہیں گے ساتھ ہی اپنی نئی ذمہ داریوں سے بحسن و خوبی عہدہ بر آ ہوتے ہوئے ریاست کی ترقی میں کامیابی کے ساتھ اپنا اہم رول ادا کریں گے۔اس ملاقات کے دوران وزیر موصوف نے اپنی نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے اپنے عزائم کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام کے دکھ سکھ میں شریک رہنا اور ریاست کی ترقی میںوزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے مشن کے ساتھ ان کے شانے بہ شانے رہنا ہماری پہلی ترجیح ہے۔
گفتگو کے دوران انھیں ’’تاثیر‘‘ کی کاپی بھی پیش کی گئی، جسے دیکھ کر انھوں نے اس کے معیار و وقار کی خوب تعریف کی ساتھ ہی دلی، پٹنہ، چنئی، ممبئی ،کولکاتہ اور ملک کے دوسرے کئی صوبوں سے اخبار کے ایک ساتھ نکلنے پر ڈاکٹر گوہر کو مبارکباد دی۔ اس کے علاوہ مزید بہتر کرنے کے لئے ’’تاثیر‘‘ کی پوری ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر’’ تاثیر‘‘ کےرانچی آفس کے چیف مینیجر ابھیشیک کمار بھی موجود تھے۔