تاثیر۱۹ جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ارریہ 19 جولائی:ضلع کے کنواری چیک پوسٹ پر گذشتہ رات تقریباً ڈیڑھ بجے محکمہ آبکاری کی طرف سے چیکنگ کی جارہی تھی۔ اسی درمیان بائک پر سوار فاربس گنج کے دو نوجوانوں کو محکمہ ایکسائز کی ٹیم نے نیپالی شراب کے ساتھ گرفتار کیا۔ گرفتار کئے گئے دونوں نوجوانوں کے ساتھ ضبط شراب کو لیکر محکمہ ایکسائز کی ٹیم ارریہ جارہی تھی کہ اسی دوران کنواری تھانہ واقع دھری پار کے قریب چلتی گاڑی سے دونوں نوجوانوں نے چھلانگ لگا دی۔ جس میں دونوں نوجوان شدید طور سے زخمی ہوگئے۔
ایکسائز کی ٹیم دونوں زخمیوں کو پرائمری ہیلتھ سنٹر کرسا کانٹا لے گئی جہاں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر نے پون کمار نامی نوجوان کو مردہ قرار دے دیا جبکہ دوسرے شدید زخمی نوجوان حامد عالم کو ابتدائی طبی علاج کے بعد بہتر علاج کے لیے صدر اسپتال ارریہ بھیج دیا۔جہاں اس کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے، ارریہ کے ایس پی امیت رنجن نے اس کی تصدیق کی ہے۔
ایس پی نے کہا کہ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے جائے حادثہ کو محفوظ کر لیا گیا ہے اور ایف ایس ایل اور ڈی آئی یو کی ٹیم موقع پر روانہ کر دی گئی ہیں۔ متوفی پون کمار کا پوسٹ مارٹم مجسٹریٹ کی نگرانی میں قواعد کے مطابق کرائے جانے کے بارے میں بات کرتے ہوئیایس پی نے کہا کہ صدر سب ڈویڑنل پولیس افسر رام پکار سنگھ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، تاکہ واقعہ کی باریک بینی سے تفتیش کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اگر قصوروار پایا گیا تو واقعے میں غفلت برتنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عام لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔

