گورنر نے ممتا بنرجی کو خبردار کیا – بنگلہ دیش کی صورتحال پر بولنے سے گریز کریں

تاثیر۲۵  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 25 جولائی:مغربی بنگال کے گورنر سی وی آنند بوس نے وزیر اعلی ممتا بنرجی سے اپیل کی کہ وہ بنگلہ دیش کی موجودہ صورتحال پر سیاست پر مبنی بیانات نہ دیں۔ گورنر نے کہا ہے کہ غیر ذمہ دارانہ بیانات سے ملک کے بیرونی معاملات متاثر ہو سکتے ہیں۔
گورنر کا یہ بیان بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ حسن محمود کی جانب سے بنرجی کے حالیہ تبصرے پراعتراض ظاہر کرنے کے بعد آیا ہے جس میں انہوں نے بحران کے وقت بنگلہ دیش کے لوگوں کو مغربی بنگال میں پناہ دینے کی پیشکش کی تھی۔
راج بھون نے ایک بیان میں کہا، ’’گورنر نے وزیر اعلی سے اپیل کی ہے کہ وہ سیاسی طور پر متحرک بیانات نہ دیں جس سے ملک کے بیرونی معاملات پر منفی اثر پڑ سکتا ہے ۔‘‘
محمود نے ایک ویڈیو میں کہا،’’ممتا بنرجی کے احترام کے ساتھ جن کے ساتھ ہمارے باہمی مفادات ہیں… حالانکہ ان کے بیان نے لوگوں میں الجھن کی صورتحال پیدا کر دی ہے۔ اس لیے، ہم نے ان کے بیان پر حکومت ہند کو ایک نوٹ بھیجا ہے،‘‘۔ محمود نے سفارتی ذرائع سے بھارتی حکومت سے رابطہ کیا ہے۔
ممتا بنرجی نے اتوار کو کولکاتا میں ترنمول کانگریس کی شہید دیوس ریلی کے دوران تشدد سے متاثرہ بنگلہ دیش کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بحران میں گھرے لوگوں کے لیے مغربی بنگال کے دروازے کھلے رکھیں گی اور انہیں پناہ فراہم کریں گی۔ انہوں نے اپنے ایکس اکاونٹ پر بھی اسی طرح کے تبصرے پوسٹ کیے تھے۔