تاثیر۱۳ جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 13 جولائی : ہریانہ حکومت نے شمبھو بارڈر کھولنے کے پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی ہے۔ ہائی کورٹ نے 10 جولائی کو ایک پی آئی ایل پر ہریانہ حکومت کو ایک ہفتے کے اندر شمبھو بارڈر کی بیریکیڈ کھولنے کا حکم دیا تھا۔ ہریانہ حکومت کا کہنا ہے کہ امن -و امان کی صورتحال کے پیش نظر سڑک کو بند کیا گیا ہے۔ ہائی کورٹ کو ایسا فیصلہ نہیں دینا چاہیے۔ 15 جولائی کو ہریانہ حکومت سپریم کورٹ سے اس عرضی پر جلد سماعت کا مطالبہ کر سکتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 12 جولائی کو سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے حکم پر پوچھا تھا کہ ریاستی حکومت ہائی وے پر ٹریفک کو کیسے روک سکتی ہے۔ ریاستی حکومت کا کام ہے کہ وہ ٹریفک کو کنٹرول کرے ۔ ہم کہہ رہے ہیں کہ بارڈر کو کھلا رکھیں لیکن کنٹرول بھی کریں۔ سپریم کورٹ نے یہ تبصرہ کسانوں کے احتجاج میں شامل ایک 22 سالہ نوجوان کی موت کی عدالتی جانچ کے ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف ہریانہ حکومت کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران کیا تھا۔

