تاثیر ۱۳ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
چنڈی گڑھ، 13 اگست : بیرون ملک مقیم پنجاب کے نوجوانوں میں گھر واپسی کے رجحان کو ریاست کے لیے ایک اچھی علامت بتاتے ہوئے وزیر اعلی بھگونت سنگھ مان نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اب تک 44,667 سرکاری نوکریاں دی ہیں۔ اس کی وجہ سے اب بہت سے نوجوان بیرونی ممالک کو خیرباد کہہ کر یہاں سرکاری ملازمتوں کی تیاری کر رہے ہیں۔ منگل کو چنڈی گڑھ کے سیکٹر 35 میں میونسپل بلڈنگ میں مختلف محکموں کے 417 نوجوانوں کو تقرری کے خطوط دینے کے بعد وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ ہمارے نوجوان اب بیرونی ممالک میں کام کرنے کے بجائے خود پنجاب میں کام کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اس لیے گھروں کو لوٹ رہے ہیں کیونکہ اب پنجاب میں سرکاری نوکریاں بغیر کسی سفارش اور رشوت کیحاصل ہو رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے بھرتی کے شفاف عمل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو نوکریاں صرف میرٹ کی بنیاد پر دی جائیں گی اور ملازمت حاصل کرنا اہل نوجوانوں کا حق ہے۔ اس معاملے میں میں نہ تو کسی کی سفارش مانتا ہوں اور نہ ہی کسی کی سفارش چلنے دیتا ہوں کیونکہ نوجوان مجھ پر بہت اعتماد کرتے ہیں اور میں اس اعتماد کو کسی قیمت پر ٹوٹنے نہیں دوں گا۔ وزیر اعلیٰ مان نے کہا کہ انہیں بہت خوشی ہے کہ ہمارے نوجوانوں نے میری حکومت پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔ کوئی بھی شخص اپنے آباؤ اجداد کی سرزمین سے دور نہیں جانا چاہتا۔ بیرون ملک جانے والے نوجوانوں کی اکثریت ہمارے نظام سے اس قدر تنگ آگئی تھی کہ انہیں روزگار کی تلاش میں اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا۔ اس کے لیے روایتی سیاسی جماعتیں ذمہ دار ہیں جنہوں نے ریاست کے نوجوانوں کی فلاح کرنے کے بجائے اپنے خاندانوں کا خیال رکھا۔
وزیر اعلیٰ نے آج محکمہ زراعت، محکمہ ریونیو، اسکول ایجوکیشن، کوآپریٹو، لوکل گورنمنٹ، سوشل سیکورٹی، واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن، ٹیکس اینڈ ایکسائز، ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر، فنانس ڈیپارٹمنٹ، انڈسٹریز اینڈ ٹریڈ اینڈ اینیمل ہسبنڈری کے 417 نو جوانوں کو تقرری نامے تقسیم کئے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ پارٹیاں ہمیشہ میرے بارے میں بھلا-برا کہتی رہتی ہیں لیکن کبھی بھی میری حکومت کے اچھے کاموں کی تعریف نہیں کرتیں۔ انہوں نے روایتی جماعتوں کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو 44,667 سرکاری نوکریاں، 300 یونٹ مفت بجلی، گھر گھر راشن سکیم، شہدا کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے دینے جیسے کاموں کا ذکر کیوں نہیں کیا جاتا؟ بھگونت سنگھ مان نے کہا کہ کانگریس لیڈر پرتاپ سنگھ باجوہ جیسے اپوزیشن لیڈر ان کے خلاف جو چاہیں کہتے رہیں، لیکن وہ پنجاب کی ترقی کے لیے فیصلہ لینے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔