تاثیر ۳۱ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
گنٹور، 31 اگست: آندھرا پردیش میں جمعہ سے مسلسل موسلادھار بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب میں ہفتہ کو گنٹور ضلع میں ایک کار بہہ گئی۔ اس حادثے میں کار میں سوار تین افراد کی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ وجئے واڑہ-گنٹور ہائی وے پر ہوا، ضلع پولیس نے بتایا کہ پیڈ کاکانی منڈل میں اپل پاڈو کے قریب مقامی پل کو عبور کرتے ہوئے ایک کار بہہ گئی۔ اس حادثے میں کار میں سوار تین افراد کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں کی شناخت راگھویندر، ساتوک اور مانک کے طور پر ہوئی ہے۔ اپل پاڈو کا رہنے والا راگھویندر نامور منڈل کے ایک اسکول میں بطور استاد کام کر رہا تھا۔ ساتوک اور مانک اسی اسکول میں پڑھتے تھے جہاں راگھویندر ٹیچر تھے، شدید بارش کی وجہ سے اسکول انتظامیہ نے ہفتہ کی صبح چھٹی کا اعلان کیا۔ اس کے بعد اسکول سے واپس آتے ہوئے راگھویندر اپل پاڈو کے دو طالب علموں کو بھی کار میں لے گئے۔ یہ حادثہ واپسی کے دوران پیش آیا۔