اتراکھنڈ:بارش سے تباہی،دس ہزار سے زیادہ یاتریوں کو نکالا گیا

تاثیر  ۳   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

رودرپریاگ، 3/ اگست :فضائیہ کے چنوک اور ایم آئی17 ہیلی کاپٹر بھی بارش سے تباہ شدہ کیدارناتھ پیدل راستے پر پھنسے ہوئے یاتریوں کو بچانے کے لیے جاری بچاؤ آپریشن میں شامل ہوئے۔ یہاں کے اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر سے موصولہ اطلاع کے مطابق بچاؤ کارروائیوں میں اب تک دس ہزار سے زیادہ عقیدت مندوں کو کیدارناتھ کے راستے سے نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا جا چکا ہے۔ان میں سے تقریباً ڈیڑھ ہزار لوگوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نکالا گیا جبکہ دیگر کو ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) سمیت دیگر ایجنسیوں کے ذریعے متبادل راستوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ ایمرجنسی سینٹر نے بتایا کہ جمعہ کو 723 افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکالا گیا جبکہ 4255 دیگر کو متبادل راستوں سے محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔ تاہم دوپہر تقریباً 3.45 بجے کیدارناتھ میں خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بچاؤ آپریشن روکنا پڑا۔مرکز کے مطابق، 1200 سے 1350 عقیدت مند اب بھی کیدارناتھ کے مختلف اسٹاپوں – کیدارناتھ، بھمبالی اور گوری کنڈ پر پھنسے ہوئے ہیں۔ رودرپریاگ کے ضلع سپلائی آفیسر کے ایس کوہلی نے کہا کہ جمعرات سے مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے عقیدت مندوں کو کھانے کے پیکٹ، پینے کا پانی اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ تک تقریباً 18 ہزار فوڈ پیکٹ اور تقریباً 35 ہزار پانی کی بوتلیں فراہم کی گئی ہیں۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے پی ٹی آئی ویڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شدید بارش سے کافی نقصان ہوا ہے لیکن پوری سرکاری مشینری، ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، ضلع انتظامیہ اور ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ بچاؤ کاموں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا، وزیراعظم کے دفتر سے میری درخواست پر ہندوستانی فضائیہ کے چنوک اور ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا ہے۔ دھامی نے امید ظاہر کی کہ اگر موسم ٹھیک رہا تو شام تک تمام پھنسے ہوئے عقیدت مندوں کو بچا لیا جائے گا۔بدھ کی رات شدید بارش اور بادل پھٹنے کی وجہ سے لنچولی، بھمبلی، گھوڑا پاداو اور رامبادا سمیت کئی مقامات پر سڑک بہہ گئی، جب کہ دیگر مقامات پر پہاڑی سے بڑے پتھر گرنے اور مٹی کے تودے گرنے سے سڑک کو نقصان پہنچا ہے۔ جس کی وجہ سے کئی مقامات پر عقیدت مند پھنس گئے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی دھامی سے فون پر ریاست کے بارش سے متاثرہ علاقوں میں چلائے جارہے بچاؤ اور راحتی کاموں کے بارے میں معلومات لی اور انہیں ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔دھامی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے مرکزی وزیر کو فون پر متاثرہ علاقوں میں جنگی بنیادوں پر جاری راحت اور بچاؤ کارروائیوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔دریں اثنا یاتریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیدارناتھ یاترا فی الحال کیدارناتھ پیدل راستے پر کئی مقامات پر مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی ہے۔اس سلسلے میں، رودرپریاگ ضلع انتظامیہ نے جمعرات کو یاتریوں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو یاتری کیدارناتھ کے درشن کے لیے رودرپریاگ پہنچے ہیں، وہ جہاں ہیں وہیں محفوظ رہیں اور اپنی کیدارناتھ دھام یاترا کو فی الحال ملتوی کر دیں۔ دیر شام وزیر اعلیٰ نے ریاست کے داخلہ سکریٹری شیلیش بگولی، گڑھوال کمشنر ونے شنکر پانڈے اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل ابھینو کمار کو فون کیا اور ان سے آفات کی صورتحال اور راحتی کاموں کے بارے میں معلومات لی۔دھامی نے ان سے کہا کہ وہ کیدارناتھ میں پھنسے ہوئے یاتریوں کی بحفاظت واپسی کے انتظامات کریں اور کیدارناتھ پیدل راستے پر جلد آمد و رفت کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی ہدایت دی کہ چاردھام یاترا کے راستے پر شدید بارش کی وجہ سے رکاوٹ کی صورت میں عقیدت مندوں کو محفوظ مقامات پر روکا جائے۔