اسرائیل کے خلاف ہمارا جواب نہایت درستی کے ساتھ ہو گا : ایران

تاثیر  ۷   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

تہران ،07اگست: ایران میں حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت کے بعد ایران مسلسل اسرائیل سے بدلہ لینے کی دھمکیاں دے رہا ہے ۔ اس لئے پوری دنیا کی نگاہیں اس وقت ایران کے اقدام پر ہیں ۔دریں اثنا ایران نے بھی واضح کیا ہے کہ وہ جلد بازی میں نہیں مناسب وقت پر اسرائیل کو کرارا جواب دے گا۔تازہ ترین اطلاع کے مطابق ایرانی ذمے داران نے ثالثی ذرائع کو آگاہ کیا ہے کہ اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی نہایت درستی کے ساتھ ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ اسرائیل نے حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت پر تبصرے سے انکار کر دیا تاہم تل ابیب نے امریکی ذمے داران کو فورا ہی آگاہ کر دیا تھا کہ اسرائیل اس کارروائی کا ذمے دار ہے۔
اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کے اجلاس میں امریکی صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کو خطے کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں شخصیات کو بتایا گیا کہ یہ بات غیر واضح ہے کہ ایران اور حزب اللہ اسرائیل پر حملے کو کب ترجیح دیں گے اور ممکنہ حملے کی تفصیلات بھی سامنے نہیں آئی ہیں۔

گذشتہ ہفتے حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو ایرانی دار الحکومت تہران میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس حملے نے اسرائیل سے انتقام لینے کی دھمکیوں کی آگ بھڑکا دی۔ ساتھ ہی اس بات کا بھی اندیشہ پیدا ہو گیا ہے کہ غزہ کا تنازع مشرق وسطی میں ایک وسیع جنگ کی صورت اختیار کر لے گا۔