امرتسر بین الاقوامی ہوائی اڈے پرنظر آئے ڈرون ، کئی پروازیں متاثر

تاثیر  ۲۸   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

چنڈی گڑھ، 28 اگست: پنجاب کے امرتسر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ڈرون کی سرگرمی دیکھے جانے کے بعد پروازوں کو تین گھنٹے کے لیے منسوخ کردیا گیا۔ تحقیقات کے بعد ہی پروازیں معمول پر آسکیں۔ یہ پورا واقعہ پیر کی رات دیر گئے پیش آیا جس کے بعد منگل کو بھی سیکورٹی ایجنسیوں نے یہاں چھان بین کی۔
ہوائی اڈے کے ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق پیر کی رات یہاں مختصر وقفوں سے تین ڈرون سرگرمیاں دیکھی گئیں۔ ان میں سے دو ڈرون راجاسانسی سائڈہوائی اڈے کی حدود کے قریب اور ایک کو ٹرمینل کے پچھلے حصے میں دیکھا گیا۔ اس کے بعد جب ائیر ٹریفک کنٹرول نے مشتبہ ڈرونز کے بارے میں اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا تو سیکورٹی وجوہات کی بنا پر ائیرپورٹ پر تمام پروازوں کی نقل و حرکت روک دی گئی۔ ایئرپورٹ اتھارٹی نے ممنوعہ علاقے میں ڈرون پرواز کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ اسی وجہ سے ایئر انڈیا کی دہلی-امرتسر فلائٹ کو بھی اترنے کی اجازت نہیں دی گئی اور فلائٹ کلیئرنس نہ ہونے کی وجہ سے واپس لوٹ گئی۔