تاثیر ۲ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 2 اگست: مدھیہ پردیش میں مانسون کی بارش نے زور پکڑ لیا ہے۔ راجدھانی بھوپال میں صبح 5 بجے سے وقفے وقفے سے کبھی موسلادھار تو کبھی بوندا باندی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلسل بارشوں کے باعث توا ڈیم کے 9 ، کلیا سوت ڈیم کے 10 اور بھدبھدا کے 5 دروازے کھول دیے گئے ہیں۔ ریاست کے 11 اضلاع میں جمعہ اور ہفتہ کو بارش کا ریڈ الرٹ ہے۔ ریاست میں سیزن کی 55 فیصد یعنی اوسطاً 19.7 انچ بارش ہوچکی ہے۔ جون اور جولائی میں کوٹے سے زیادہ پانی گرا ہے۔
ریاست میں مسلسل بارش کی وجہ سے جمعہ کو 9 ڈیموں کے دروازے کھول دیے گئے ہیں۔ بھوپال کے کولار ڈیم کے 4، کلیا سوت کے 10، بھدبھدا میں 5، نرمداپورم میں توا ڈیم کے 9، اشوک نگر کے راج گھاٹ کے 8، جبل پور میں برگی کے 7، رائسین میں برنا ڈیم کے 6، ودیشا میں حلالی ڈیم کے 2 اور چھندواڑہ ماچاگورا ڈیم کے 4 دروازے کھول دیے گئے ہیں۔
بھوپال میں کل رات سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ بڑا تالاب پانی سے بھرا گیا ہے۔ اس کی گنجائش 1666.80 فٹ ہے۔ جمعرات تک اس میں 1666 فٹ پانی تھا جو جمعہ کی صبح مکمل طور پر بھر گیا۔ کلیا سوت کے 10 اور بھدبھدا ڈیم کے 5 دروازے کھول کر پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ ادھر رائسین میں ریچھن ندی میں طغیانی کے بعد رپٹا عبور کرنے والے دو افراد ندی میں بہہ گئے۔ اس میں ایک نوجوان کو بچا لیا۔ دوسرا لاپتہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے اگلے چند گھنٹوں میں چار اضلاع رائسین، ودیشا، نرمداپورم اور مندسور میں آسمانی بجلی گرنے کے ساتھ تیز بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ رائسین کے بھیم بیٹکا اور سانچی، ودیشا کے ادے گیری میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ مانسون کی ٹرف لائن جمعرات کو ایم پی کے اوپر رہی۔ مغربی بنگال میں فعال سائیکلونک گردشی نظام ایم پی کی طرف بڑھنے لگا۔ ایک اور سائیکلون سرکولیشن شمال مشرقی راجستھان کے اوپر ہے۔ دو دیگر نظام بھی فعال ہیں۔ جس کی وجہ سے ریاست میں بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ اگست کے پہلے ہی دن ریاست کے 23 اضلاع میں بارش ہوئی۔ مانسون ٹرف لائن اور سائیکلونک گردش کی وجہ سے یہ نظام مضبوط ہے۔ یہ نظام 5 اگست تک پوری ریاست کو تربتر کر دے گا۔