بارش اور بادل پھٹنے سے کلّو ضلع میں زبردست تباہی

تاثیر  ۲   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کلو، یکم اگست : کلّو ضلع میں بارش اور بادل پھٹنے سے زبردست تباہی ہوئی ہے۔ کئی لوگ لاپتہ ہو گئے ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو دریاؤں اور ندی- نالوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ کئی مقامات پر سڑکیں سیلاب کا شکار ہو گئی ہیں۔ یہی نہیں ڈیم کو بھی بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔
بدھ کی رات ملانا نالہ میں بادل پھٹ گیا۔ بادل پھٹنے کے بعد نالے میں پانی کی سطح اتنی بڑھ گئی کہ ملانا ڈیم کو نقصان پہنچا۔ کئی گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ بادل پھٹنے سے پاروتی میں پانی کی سطح بڑھنے سے کروڑوں روپے کی لاگت سے بنائی گئی شاٹ سبزی منڈی ندی میں ڈوب گئی۔
شری کھنڈ مہادیو کے راستے میں بادل پھٹنے کی بھی اطلاع ہے جہاں تقریباً ایک درجن لوگ لاپتہ ہو گئے ہیں۔ کلو منالی روڈ پر کئی مقامات پر سڑکیں تباہ ہوگئیں۔ گاڑیوں کی آمدورفت رک گئی ہے۔ کئی مقامات پر سڑکیں دریا میں بہہ گئی ہیں۔
بارش اور سیلاب کی وجہ سے تیرتھن ندی میں پانی کی سطح بھی کافی بڑھ گئی ہے۔ سینج میں سیلاب کی وجہ سے کافی نقصان بتایا جا رہا ہے۔