تاثیر ۷ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
کاٹھمنڈو، 7 اگست:کاٹھمنڈو کے تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے سے کل دیر رات ایک غیر ملکی کو ساڑھے سات کلو کوکین کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ اس سے پکڑی گئی کوکین کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 30 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
نیپال پولیس کے نارکوٹکس بیورو کے مطابق، ایک لیٹوین شہری سے بڑی مقدار میں کوکین برآمد ہوئی ہے جو گزشتہ رات تقریباً 1.15 بجے قطر ایئرویز کی پرواز نمبر کیو آر 644 کے ذریعے کھٹمنڈو کے تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچا تھا۔
نارکوٹکس بیورو کے ایس ایس پی دنیش اچاریہ نے بتایا کہ گرفتار شخص کے ہینڈ بیگ کی جانچ پڑتال کے بعد اس کے اندر تکیوں کے اندر چاکلیٹ کے ریپر میں کوکین پائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ برآمد کی گئی کوکین کا وزن 7.665 کلو گرام ہے جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں تخمینہ قیمت 30 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔
ایس ایس پی اچاریہ نے بتایا کہ کوکین کے ساتھ پکڑا جانے والا غیر ملکی شہری 51 سالہ آئیواس والٹرز ہے، جو لاتیویا کا رہنے والا ہے ، اور منشیات کا کاروبار کرتا ہے۔ اس شخص کو اس چیز کی ڈیلیوری کے لیے 2000 امریکی ڈالر ملے تھے۔ پوچھ گچھ کے دوران اس شخص نے بتایا کہ اسے کوکین کی یہ کھیپ یہاں کے ایک ہوٹل میں ایک ہندوستانی شہری کے حوالے کرنی تھی۔ گرفتار شخص کے بیان کی بنیاد پر پولیس ڈلیوری گینگ کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔