تاثیر ۲ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
مظفر پور (نزہت جہاں )
15 اگست کو ضلع بھر میں یوم آزادی کی تقریبات شایان شان طریقے سے منائی جائیں گی۔ مرکزی تقریب مقامی خودی رام بوس اسٹیڈیم میں ہوگی۔ یوم آزادی کی تقریبات کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ضلع افسر سبرت کمار سین اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راکیش کمار نے افسران کے ساتھ اجلاس منعقد کی اور متعلقہ افسران کو اپنی ذمہ داریاں بروقت انجام دینے کی سخت ہدایت دی۔ اس سلسلے میں انہوں نے صفائی ستھرائی، پینٹنگ، ٹینٹ پنڈال، مائیک وغیرہ کے مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر مقامی رام دیالو سنگھ کالج میں ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا جس میں حب الوطنی اور قومی جذبات پر مبنی گیت اور موسیقی پیش کی جائے گی۔ یوم آزادی کے موقع پر کھیلوں کے مقابلے کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے لیے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو ہدایت دی گئی کہ وہ گاؤں اور بلاک کی سطح پر اسکولی بچوں کے لیے کھیلوں کے مقابلے کا انعقاد کریں اور آخر میں ضلعی سطح پر کھیلوں کے بڑے مقابلے کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔ اس کے لیے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سے رابطہ قائم کرنے کو کہا گیا۔ کھیلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو حوصلہ افزائی کے طور پر تعریفی اسناد بھی دی جائیں گی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر آشوتوش دویدی، میونسپل کمشنر نوین کمار، اے ایس پی ٹاؤن بھانو پرتاپ سنگھ، اسسٹنٹ کلکٹر ڈاکٹر آکانکشا آنند، ایڈیشنل کلکٹر ریونیو سنجیو کمار، ایڈیشنل کلکٹر ڈیزاسٹر منوج کمار، ایڈیشنل کلکٹر قانون سدھیر کمار سنہا اور دیگر کئی افسران موجود تھے۔