سابق بھارتی کرکٹر انشومان گائیکواڑ کا انتقال، وزیراعظم نے اظہار تعزیت کیا

تاثیر  ۲   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

وڈودرا، 31 جولائی: سابق ہندوستانی کرکٹر اور ٹیم انڈیا کے کوچ انشومان گائیکواڑ کا بدھ کو انتقال ہوگیا۔ وہ کافی عرصے سے بلڈ کینسر میں مبتلا تھے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے گائیکواڑ کے انتقال پر غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایکس اکاونٹ پر لکھا ہے کہ انشومان گائیکواڑ کو کرکٹ میں ان کے تعاون کے لیے یاد رکھا جائے گا۔ وہ ایک ہونہار کھلاڑی اور بہترین کوچ تھے۔ میں ان کے انتقال سے غمزدہ ہوں۔ میں ان کے اہل خانہ اور خیر خواہوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جے شاہ نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایکس اکاونٹ پر لکھا ہے کہ وہ انشومان گائیکواڑ کے اہل خانہ اور دوستوں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ پوری کرکٹ کی دنیا کے لیے دل دہلا دینے والا ہے۔ ایشور ان کی آتما کو شانتی عطا کرے۔
سابق کرکٹر انشومان گائیکواڑ کی بلڈ کینسر کے حوالے سے سابق کپتان کپل دیو نے مدد کے لیے پہل کی تھی۔ کپل نے انشومان کے علاج کے لیے اپنی پنشن عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بعد میں موہندر امرناتھ، سندیپ پاٹل، مدن لال، کیرتی آزاد اور دیگر ساتھی کھلاڑی گائیکواڑ کی مدد کے لیے آگے آئے تھے۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے بھی گائیکواڑ کی مدد کے لیے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا تھا۔
71 سالہ انشومان گائیکواڑ نے اپنے 40 میچوں کے ٹیسٹ کیریئر میں 30.07 کی اوسط سے 1985 رن بنائے جس میں 2 سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں شامل تھیں۔ ان کا بہترین اسکور 201 رن تھا جو انہوں نے پاکستان کے خلاف بنایا تھا۔ گائیکواڑ نے ہندوستان کے لیے 15 ون ڈے میچ بھی کھیلے، جس میں انہوں نے 20.69 کی اوسط سے 269 رن بنائے۔
انشومان گائیکواڑ نے 206 فرسٹ کلاس میچ کھیلے اور 41.56 کی اوسط سے 12,136 رنز بنائے۔ اس دوران انہوں نے 34 سنچریاں اور 47 نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔ فرسٹ کلاس میچ میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 225 رن تھا۔ اس کے علاوہ گائیکواڑ نے 55 لسٹ اے میچ بھی کھیلے جس میں انہوں نے 32.67 کی اوسط سے 1601 رن بنائے۔ وہ 99-1997 کے دوران ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بھی رہے۔
27 دسمبر 1974 کو انہوں نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کولکاتا میں کھیلا۔ انہوں نے اپنا آخری میچ انگلینڈ کے خلاف 1984 میں کولکاتا میں کھیلا تھا۔ گائیکواڑ نے گجرات اسٹیٹ فرٹیلائزر اینڈ کیمیکلز لمیٹڈ کے لیے بھی کام کیا تھا۔ جون 2018 میں بی سی سی آئی نے انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا تھا۔ ان کے والد بھی ایک کرکٹر تھے، والد دتا گائیکواڑ ٹیسٹ کرکٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے تھے۔