تاثیر ۳ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 03 اگست: دہلی کی کڑکڑڈوما کورٹ نے شمال مشرقی دہلی میں فروری 2020 کے فسادات میں آتش زنی، چوری اور دیگر الزامات سے چھ ملزمان کو بری کرنے کا حکم دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج پلستیہ پرماچل نے ملزمان ہاشم علی، ابوبکر، محمد عزیز، راشد علی، نظام الدین عرف بھولا اور محمد دانش کو تعزیرات ہند کی دفعہ 148، 149، 188، 380 ، 427، 435 اور 436 کے الزامات سے بری کردیا۔ واقعہ 25 فروری 2020 کا ہے۔ شکایت کنندہ نریش چند کے مطابق تقریباً 4.30 بجے شیو وہار کی گلی نمبر 12 میں کچھ ہنگامہ دیکھا گیا۔ شام پانچ بجے کچھ فسادی ان کے گھر میں داخل ہوئے۔ مشتعل افراد نے گھر میں توڑ پھوڑ کی۔ پارکنگ میں رکھی موٹر سائیکل اور گھر میں بنی تین دکانوں کو آگ لگا دی گئی۔ گھر میں رکھے فریج، 40 انچ ایل ای ڈی، نقدی، زیورات اور چار سلنڈر لوٹ لئے۔ 28 فروری کو کراول نگر پولیس اسٹیشن میں ان کی شکایت پر ایف آئی آر درج کی گئی۔ قابل ذکر ہے کہ فروری 2020 میں ہونے والے تشدد میں کم از کم 53 افراد ہلاک اور 200 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔

