تاثیر ۹ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ،09 اگست:سوشانت گولف سٹی تھانے کے علاقے میں جمعہ کی صبح اسکولی بچوں کو لے جانے والی سی ایم ایس اسکول کی وین ٹائر پھٹ جانے کی وجہ سے بے قابو ہوگئی اور ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ اس واقعے میں وین میں سوار چھ بچے زخمی ہو گئے۔ پلاسیو مال کے قریب سڑک حادثے میں پیچھے سے آنے والی تھار کار بھی پلٹنے والی وین سے ٹکرا گئی۔ لیکن تھار کار ڈرائیور نے سمجھداری سے کار کو الٹنے سے بچا لیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی انسپکٹر انجنی کمار مشرا اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور زخمی بچوں کو فوری طور پر لوہیا اسپتال لے گئے۔
لوہیا اسپتال کے ڈاکٹروں سے بات کرنے کے بعد دو شدید زخمی اسکولی بچوں آرادھیا اور ماہی کے والدین نے انہیں قریبی پرائیویٹ اسپتال ریفر کردیا۔ باقی زخمی بچوں میں آشوتوش گپتا (15)، نندنی (09)، آرتھ (06) اور سارتھک (10) لوہیا اسپتال کی ایمرجنسی میں زیر علاج ہیں۔ پولیس اہلکاروں کی اطلاع پر بچوں کے والدین بھی اسپتال کے احاطے میں پہنچ گئے۔
اسکول وین الٹنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے لوہیا کے ڈاکٹروں کو مناسب علاج کی ہدایت دی ہے۔