مالدہ میں پھر ریل حادثہ، مال گاڑی کے پانچ ڈبے پٹری سے اترے

تاثیر  ۹   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

مالدہ، 09 اگست: مغربی بنگال کے مالدہ ضلع کے ہریش چندر پور میں جمعہ کی صبح ایک اور ٹرین حادثہ سامنے آیا ہے۔ کومید پور کے قریب مال گاڑی کی پانچ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مال گاڑی نیو جلپائی گوڑی سے کٹیہار کی طرف جارہی تھی۔ اس حادثے سے ریل ٹریفک بھی متاثر ہوئی ہے اور کئی ٹرینوں کے روٹس کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔
حادثہ صبح تقریباً 10.30 بجے کھڑیال اور کومید پور اسٹیشنوں کے درمیان پیش آیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔ ریلوے حکام فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے ہیں، اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
حالیہ دنوں میں مالدہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں اکثر ریل حادثات ہوتے رہے ہیں جس سے ریلوے کی حفاظت پر سوال اٹھ رہے ہیں۔ مقامی انتظامیہ اور ریلوے حکام معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور حادثے کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔