تاثیر ۱۷ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ ( پریس ریلیز)مولانا آزاد پارا میڈیکل ٹریننگ سنٹر اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، پٹنہ78 واں یوم آزادی دھوم دھام سے منایا گیا۔ انسٹی ٹیوٹ کے کو آرڈینیٹر ڈاکٹر عقیل صدیقی نے پرچم کشائی کی۔پرچم کشائی کے بعد طلبا وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عقیل صدیقی نے کہا کہ آج کے دن کی تاریخ میں بڑی اہمیت ہے۔ آج کا دن ہم لوگوں کا قومی تہوار ہے جسے ہم لوگ دھوم دھام اور جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ آج ہی کے دن ہم لوگوں کو برٹش حکومت سے آزادی ملی۔ڈاکٹر صدیقی نے کہا کہ جلد ہی میں انسٹی ٹیوٹ میں ایک بڑا ورکشاپ CMEشروع کیا جائے گا۔ انسٹی ٹیوٹ کے پرنسپل ڈاکٹر عنایت پالوی نے کہا کہ آج کے اس یاد گار او رتاریخی دن میں طلبا وطالبات عزم کریں کہ ہم محنت او رلگن سے پڑھائی کریں گے۔ اپنے والدین اور خاندان کا نام روشن کرتے ہوئے ملک وملت کی خدمت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد آپ لوگوں کو بہتر سے بہتر تعلیم دینا ہے تاکہ آپ کہیں بھی رہیں اس ادارے کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ آپ اپنی محنت اور لگن سےپڑھائی کرکے مولانا ابو الکلام آزادکے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔پرچم کشائی کے موقع پردلچسپ ثقافتی پروگرام کا بھی انعقاد کیا گیا۔ اور مختلف شعبے میں بہتر کارکردگی کرنے والے کوانعام اور سرٹی فیکٹ سے نوازا گیا۔بہترین اسپیچ (خطاب) کے لئے ضویا خان، بہترین شاعری کے لئے اپریتا کماری اور الطاف حسین کو فرسٹ انعام دیا گیا۔ جب کہ گلوکاری کے لئے پریا کماری، دیش بھکتی گیت کے لئے شوبھم کمار اور عدنان کو فرسٹ پرائز دیا گیا۔ مہمان خصوصی کے طور پر مسز حسن پالوی شریک ہوئیں۔اس موقع پر ڈاکٹر کاجل ساہ، ڈاکٹر بشریٰ رحمان، ڈاکٹر احمر امام، انجینئر زیدی، تمنا، ڈاکٹر وید پرکاش، ڈاکٹر راج کمار، شمیم احمد، شوبھا کماری کے ساتھ ساتھ کالج کے سبھی طلبا وطالبات موجود تھے۔