تاثیر ۳ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نوئیڈا/ لکھنؤ، 03 اگست :اتر پردیش کو جدید ٹرانسپورٹ سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے پرعزم یوگی حکومت نے نوئیڈا میں میٹرو ایکوا لائن کو ایڈوانسڈ پیسنجر انفارمیشن ڈسپلے سسٹم (پی آئی ڈی ایس) سے لیس کرنے کا عمل شروع کیا ہے۔ اس عمل کے تحت پہلے سے نصب معلوماتی ڈسپلے سسٹمز کو تبدیل کر کے ان کی جگہ نئے سسٹم نصب کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر میں نئی انسٹالیشن اور اپ ڈیٹ سمیت دیگر ضروری پراسیس بھی مکمل کیے جائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ اس پروجیکٹ کے تحت نوئیڈا میٹرو ریل کارپوریشن (این ایم آر سی) کے 21 میٹرو اسٹیشن پی آئی ڈی ایس سے لیس ہوں گے۔ اس عمل میں کل 88 پی آئی ڈی ایس سسٹم نصب کیے جائیں گے جو میٹرو ریلوے پلیٹ فارمز کے دونوں جانب نصب کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی، ہر اسٹیشن کے کنکورس میں کل 42 پی آئی ڈی ایس لگائے جائیں گے۔ اس پورے عمل پر 11.27 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور اس عمل کو مکمل کرنے کے لیے، این ایم آر سی نے ریکویسٹ فار پرپوزل(آر ایف پی) کے ذریعے ایجنسی کے تعین اور کام کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ این ایم آر سی میٹرو ریل کوریڈور (ایکوا لائن) 29.7 کلومیٹر طویل ہے اور اسے نوئیڈا گریٹر نوئیڈا میٹرو ریل کوریڈور کے نام سے جانا جاتا ہے۔
زیادہ تر پی آئی ڈی ایس ڈپو اسٹیشن پر لگائے جائیں گے۔
ریاستی حکومت کے ایک ترجمان نے ہفتہ کو کہا کہ ایکوا لائن کے تحت کل 21 میٹرو اسٹیشن شامل ہیں جو نوئیڈا سیکٹر 51 سے شروع ہوتی ہے اور گریٹر نوئیڈا کے ڈپو اسٹیشن پر ختم ہوتی ہے۔ مزید برآں، میٹرو ڈپو-او سی سی گریٹر نوئیڈا گوتم بدھ نگر کے ڈپو اسٹیشن سے آگے واقع ہے۔ پروجیکٹ کے تحت، سیکٹر 51 میٹرو اسٹیشن کے اوپر اور نیچے پلیٹ فارم پر 2، یعنی کل 4پی آئی ڈی ایس نصب کیے جائیں گے۔