پائلٹ کی غلطی سے یوکرین کا ایف-16 طیارہ گر کر تباہ

تاثیر  ۳۰   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،30اگست:امریکی ساختہ ایف-16 لڑاکا طیاروں کو یوکرین پہنچانے کے چند ہفتوں بعد یوکرین نے اعلان کیا ہے کہ ان میں سے ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا اور اس کا پائلٹ ہلاک ہو گیا۔
جمعرات کو یوکرین کی فوج نے تصدیق کی کہ گذشتہ پیر کو ایک ایف-16 لڑاکا طیارہ تباہ ہوگیا تھا اور اس کا پائلٹ مارا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ روسی حملے کو پسپا کرتے ہوئے کریش ہونے سے قبل ایف 16 لڑاکا طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ایک امریکی اہلکار نے انکشاف کیا کہ یوکرینی فوج سے تعلق رکھنے والا ایک ایف-16 لڑاکا طیارہ گذشتہ پیر کو ایک حادثے میں گر کر تباہ ہو گیا، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ “پائلٹ کی غلطی کا نتیجہ” تھا۔وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق اہلکار نے مزید کہا کہ ابتدائی اطلاعات سے پتہ چلتا ہے کہ طیارہ روسی فائرنگ سے نہیں مارا گیا، حالانکہ یہ واقعہ یوکرین میں داغے گئے روسی میزائل بیراج کے دوران پیش آیا۔