تاثیر ۱۰ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 10 اگست: ایک طرف دارالحکومت دہلی میں یوم آزادی کے حوالے سے ہائی الرٹ ہے۔ دوسری جانب شرپسندوں نے پولیس کے حفاظتی انتظامات کو در کنار کرتے ہوئے نہ صرف ایک گھر میں گھس کر ڈکیتی کی واردات کی بلکہ احتجاج کرنے پر گھر کے مالک کو بھی وار کر کے قتل کر دیا۔ ارتکاب جرم کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال کے مردہ خانہ میں محفوظ کر دیا۔ متوفی کی شناخت 64 سالہ دیارام یادو کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ اپنے خاندان کے ساتھ جیت پور تھانہ علاقہ کی میٹھا پور کالونی میں رہتا تھا۔ فی الحال، پولیس قریب میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کر رہی ہے، تاکہ وہ واردات کرنے والے شرپسندوں کے بارے میں جان سکیں۔ اس کے علاوہ کرائم ٹیم اور فرانزک ٹیم کو بھی موقع پر بلایا گیا ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کتنے زیورات لوٹے گئے۔ مقامی لوگوں کے مطابق واردات انجام دینے والے بدمعاش چھت کے راستے گھر میں داخل ہوئے تھے۔ اوپر والا گیٹ بند تھا۔ بدمعاش اسے کاٹنے کے بعد اتر آئے اور ڈکیتی کی واردات کی۔ اس دوران جب دیارام نے اس کے خلاف احتجاج کیا تو بدمعاش نے اس پر چاقو سے حملہ کردیا۔ خبر لکھے جانے تک، جنوبی مشرقی ضلع کے ڈی سی پی راجیش دیو کی طرف سے اس معاملے میں کوئی سرکاری معلومات فراہم نہیں کی گئی تھی۔ معاملے کو حل کرنے کے لیے مقامی پولیس کے علاوہ ضلع کے آپریشن سیل کو بھی موقع پر تعینات کیا گیا ہے۔