کیجریوال کی عدالتی حراست میں 20 اگست تک توسیع

تاثیر  ۸   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 08 اگست: دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے ایکسائز گھوٹالہ کے سی بی آئی سے متعلق معاملے میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی عدالتی تحویل میں 20 اگست تک توسیع کر دی ہے۔ کیجریوال کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا۔ آج کیجریوال کی عدالتی حراست ختم ہو رہی تھی۔ 25 جولائی کو عدالت نے کیجریوال کو عدالتی حراست میں جیل بھیج دیا تھا۔
10 جولائی کو عدالت نے ای ڈی چارج شیٹ کا نوٹس لیا اور کیجریوال کو حاضر ہونے کا حکم دیا۔ ای ڈی نے 17 مئی کو ساتویں ضمنی چارج شیٹ داخل کی تھی، جس میں عام آدمی پارٹی اور اروند کیجریوال کو ملزم بنایا گیا ہے۔ اس معاملے میں اب تک 18 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا، عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ، بی آر ایس لیڈر کے کویتا شامل ہیں۔ اس میں سپریم کورٹ نے سنجے سنگھ کو باقاعدہ ضمانت دے دی ہے۔
ای ڈی نے اروند کیجریوال کو 21 مارچ کی دیر شام پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کیا تھا۔ 10 مئی کو سپریم کورٹ نے کیجریوال کو لوک سبھا انتخابات کے دوران مہم چلانے کے لیے یکم جون تک عبوری ضمانت دی تھی، جس کے بعد کیجریوال نے 2 جون کو خود سپردگی کر دی تھی۔ کیجریوال کو سی بی آئی نے 26 جون کو گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی نے 10 مئی کو چھٹی ضمنی چارج شیٹ داخل کی تھی، جس میں بی آر ایس لیڈر کے کویتا، چن پریت سنگھ، دامودر شرما، پرنس کمار، اروند سنگھ کو ملزم بنایا گیا ہے۔ عدالت نے چھٹے ضمنی چارج شیٹ کا 29 مئی کو نوٹس لیا تھا۔