ہماچل میں 7 اگست تک شدید بارش کی وارننگ، ایلو الرٹ جاری

تاثیر  ۳   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

شملہ، 3 اگست:ہماچل پردیش میں مانسون کی سرگرمی کی وجہ سے بادل خوب برس رہے ہیں۔ کل رات ریاست کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔ لاہول اسپیتی ضلع کی پن ویلی میں بادل پھٹنے سے ایک خاتون کی موت ہو گئی۔ خاتون کی شناخت سگنم کی رہنے والی 55 سالہ جنگمو کے طور پر کی گئی ہے۔ بادل پھٹنے سے سگنم نالے میں آنے والے سیلاب میں ایک گاڑی بھی ملبے تلے دب گئی۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقے میں رات گئے تک راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری تھیں۔موسمیات کے مرکز شملہ نے 7 اگست تک ریاست میں شدید بارش کی وارننگ دی ہے۔ میدانی علاقوں اور وسط پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے حوالے سے ایلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ باہر سے آنے والے سیاحوں سے دریاوں اور ندی- نالوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے شکار علاقوں میں سفر نہ کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ ریاست میں 9 اگست تک موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔
کل رات سب سے زیادہ 85 ملی میٹر بارش منڈی ضلع کے سندر نگر میں درج کی گئی۔ اس کے علاوہ گوہر میں 80 ملی میٹر، شیلارو میں 76، پاونٹا میں 67، پالم پور میں 57، دھرم شالہ میں 55، چوپال میں 52 اور کانگڑا میں 46 ملی میٹر بارش ہوئی۔ ریکانگ پیو،تابو، سیوباغ، اونا اور مشوبرا میں طوفان آیا جبکہ کانگڑا، سندر نگر اور پالم پور میں تیز گرج چمک رہی۔