یوم آزادی پروگرامات تیاریوں کیلئے ضلع مجسٹریٹ روہتاس نے کی اہم میٹنگ

تاثیر  ۳   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

          سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) 78ویں یوم آزادی کی تقریبات کی تیاریوں کا خاکہ تیار کرنے کیلئے ضلع مجسٹریٹ روہتاس نوین کمار کی صدارت میں ایک میٹنگ بلائی گئی جسمیں تمام ضلعی سطح کے افسران بشمول پولس سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر، ایڈیشنل کلکٹر موجود تھے ۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ اس یوم آزادی کے موقع پر دلت اور مہادلت بستیوں میں پرچم کشائی کی جائیگی، انہوں نے ضلع ویلفیئر آفیسر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہاں منعقد ہونے والے پروگرام میں بچوں کو مناسب لباس پہنایا جائیگا، بال اور ناخن وغیرہ کاٹ کر انہیں تحریک آزادی کے عظیم ہیروز اور آزادی پسندوں کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں ۔  انہوں نے اس دن صفائی کے خصوصی انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے بستیوں میں رہنے والے بچوں کے ثقافتی پروگرام پیش کرنے کا مشورہ بھی دیا، انہوں نے بتایا کہ پرچم کشائی سے ایک دن قبل متعلقہ بلاک کے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کی نگرانی میں مختلف محکموں کے بلاک سطح کے افسران کی جانب سے ایک کیمپ کا انعقاد کیا جائیگا جہاں مختلف اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والوں کی شناخت کا کام کیا جائیگا، انہوں نے کہا کہ آزادی پسندوں کو نہ صرف سٹیج پر اعزاز سے نوازا جائیگا بلکہ وہ آزادی پسند جو کچھ وجوہات کی بنا پر پروگرام میں شرکت نہیں کر سکینگے متعلقہ سب ڈویژن کے سب ڈویژنل آفیسر اور بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر ان کے گھر جائینگے اور انھیں اعزاز دینگے ۔ انہوں نے پروگرام کے اہم نکتے پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ پربھات پھیری میں 14 سال سے زیادہ عمر کے بچے حصہ لینگے اس میں 100 سے زائد اسکولوں کے طلباء شرکت کرینگے، پربھات پھیری صبح 7 بجے سہسرام ​​ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوگی اور فضل گنج اسٹیڈیم پہنچیگی اس کا اہتمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، متحدہ کمیٹی اور نہرو یووا کیندر کے ذریعہ کیا جائیگا، مرکزی تقریب کی پریڈ میں کل دس ٹیمیں حصہ لینگی ان میں پولس کی چھ ٹیمیں، دو این سی سی، دو سکاؤٹس اینڈ گائیڈس اور دو اسکولس شامل ہونگے ۔ مورخہ 13 اگست کو حقیقی وقت پر اسکا مکمل ریہرسل کیا جائیگا ۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ یوم آزادی کی مرکزی تقریب فضل گنج سہسرام ​​میں ہی ہوگی، پرچم کشائی کا وقت صبح 9:00 بجے رکھا گیا ہے ۔