تاثیر ۲۹ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں, 29 اگست:ضلع صدر مقام ڈوڈہ سے 15 کلو میٹر دوری پر واقع زھٹوان بجارنی میں جمعرات کی صبح جنگلی ریچھ کے حملے میں ایک بزرگ خاتون شدید طور پر زخمی ہو گئی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ متاثرہ خاتون حسب معمول اپنے مویشیوں کے گھر سے تھوڑی دور پر تھی۔اس دوران صبح گیارہ بجّے کے قریب جنگل سے ریچھ نمودار ہوا اور اچانک خاتون پر حملہ آور ہو گیا۔حملے میں خاتون کے سر پر شدید چوٹیں آئیں تاہم ریچھ چیخوں و پکار کی وجہ سے خاتون کو شدید زخمی کرکے قریبی جنگل کی طرف بھاگ گیا۔زخمی خاتون کی شناخت بیملا دیوی زوجہ مرحوم کرشن سنگھ عمر 65 سال سکنہ بجارنی کے طور پر ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمی خاتون کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ریچھ کے حملے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔میڈیکل کالج ڈوڈہ کے ایسوسی ایٹ اسپتال کے کیجوٹلی میڈیکل افسر ڈاکٹر عادل نے بتایا کہ خاتون کے سر پر گہری چوٹیں آئی ہیں اور کافی مقدار میں خون بہہ جانے سے حالت تشویشناک ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگلی جانوروں کو آبادی سے پکڑ کر لے جائیں۔جنگلی جانور اسکولی بچّوں کے ساتھ کھیتوں میں کام کرنے والے کسانوں کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔