تاثیر ۱۹ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
بچوں کے کامیاب مستقبل کے لیے گارجین اپنا قیمتی وقت دیں: محمد انور
پٹنہ، 19 اگست (پریس ریلیز)۔بچوں کے کامیاب اور روشن مستقبل کے لیے گارجین اپنا قیمتی وقت لازماً دیں۔ والدین روزانہ اپنے بچوں سے اسکول میں گزارے ہوئے وقت اور کام کے بارے میںگفتگو کریںاور ہم جماعت دوستوں کے ساتھ ہونے والی گفتگو کو جاننے کی کوشش بھی کریں۔ یہ باتیں الحرا پبلک اسکول ، شریف کالونی کے ڈائریکٹر محمد انور نے اسکول میں منعقدگارجین ٹیچر میٹنگ (PTM) میں کہیں۔ انہوں نے پی ٹی ایم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ الحراء پبلک اسکول ،شریف کالونی میں نرسری تا درجہ ہشتم اور حفظ کے بچوں کے علاوہ الحراء ٹیوٹوریلز کے درجہ نہم اور دہم کے طلبہ وطالبات، گارجین اور اساتذہ کے مابین بچوں کی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں پر تفصیلی گفتگو کرنے کے لیے اس کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس میٹنگ میںگارجین حضرات نے شرکت کی اور ان میں کافی جوش وخروش بھی دیکھا گیا۔ انہوں نے اپنے بچوں کی تعلیمی بہتری کے تئیں سبجیکٹ ٹیچر، کلاس ٹیچر اورپرنسپل سے خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر محمد انور نے کہا کہ اچھے اور سنجیدہ والدینکلاس روم کے ماحول اور طالب علموں پر اساتذہ کی توجہ کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہیں۔ اپنے بچوں کی ڈائری روزانہ چیک کرتے ہیں تا کہ اساتذہ کی ہدایت سے بر وقت واقف ہوسکیں۔ وقتاً فوقتاً اسکول جاتے ہیں تاکہ والدین اور اساتذہ کے درمیان ایک خوشگوار رابطہ قائم رہے۔ انہوں نے کہا کہ موبائل بچوں کے لیے انتہائی نقصاندہ ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں پر نگاہ رکھیں ۔
میٹنگ میں اساتذۂ کرام نے گارجین حضرات سے پرامید لہجے میں اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں میں تعلیمی دلچسپی برقرار رکھنے کے لیے گھر کا ماحول بھی خوشگوار بنائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ششماہی امتحان قریب ہے، امتحانات کے موقع پربطور خاص بچوں کی نگرانی کریں اور وقتاً فوقتاً اسکول سے دی جانے والی ہدایتوںپر عمل کرنے کی کوشش کریں۔ اس موقع پر گارجین حضرات سے بچوں کے تعلیمی معیار اور ان کی دلچسپی پر کھل کر باتیں کی گئیں۔ اسکول کی طرف سے گارجین کو بچوں کی تعلیمی و شخصی ارتقا کے لیے 15اہم نکات پر مشتمل یک ورقہ بنام “ہدایات برائے گارجین” دیا گیا۔