تاثیر ۲۸ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 28 اگست : ہندوستان اور اسپین کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے لیے اسپین کے ملاگا کی بندرگاہ پر پہنچے ہندوستانی بحریہ کے جہازآئی این ایس تبر نے ہسپانوی بحریہ کے ساتھ بحری مشقیں کیں۔ جہاز کے عملے نے دو روزہ قیام کے دوران ہسپانوی بحریہ کے ساتھ کئی پیشہ ورانہ تقریبات میں بھی حصہ لیا۔ ان سرگرمیوں کا مقصد دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان باہمی روابط کو بڑھانا تھا۔
ہندوستانی بحریہ کابہترین جدید سہولیات سے آراستہ اسٹیلتھ فریگیٹ جہاز آئی این ایس تبر ،ہندوستان اور اسپین کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے لیے دو روزہ دورے پر 25 اگست کو ملاگا، اسپین کی بندرگاہ پر پہنچا۔ اس جنگی جہاز کی کمان کیپٹن ایم آر ہریش کے ہاتھ میں ہے۔ ہندوستان اور اسپین کے درمیان سفارتی تعلقات 1956 میں نئی دہلی میں ہسپانوی سفارت خانے کے کھلنے کے ساتھ قائم ہوئے تھے۔ اسپین کی وسیع ساحلی پٹی کی وجہ سے، ہندوستان سمندری سلامتی میں اس کے کلیدی کردار کو تسلیم کرتا ہے اور مختلف تعمیری اور تعاون پر مبنی کوششوں کے ذریعے اسپین کے ساتھ منسلک رہا ہے۔