مہا وکاس اگھاڑی میں وزیر اعلیٰ کے چہرے کا اعلان کیا جانا چاہئے: ادھو ٹھاکرے

تاثیر  ۱۶   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 16 اگست: شیوسینا (یو بی ٹی) کے صدر ادھو ٹھاکرے نے جمعہ کو کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی میں وزیر اعلیٰ کے چہرے کا اعلان کیا جانا چاہیے۔ ساتھ ہی، ادھو ٹھاکرے نے اتحادی جماعتوں کے کارکنوں سے آئندہ اسمبلی انتخابات میں سخت لڑائی لڑنے کی اپیل کی ہے۔ ممبئی کے شنموکھانند ہال میں آج مہاوکاس اگھاڑی کی طرف سے منعقد ایک میٹنگ میں ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ پہلے شیو سینا اور بی جے پی کے درمیان تیس سال تک اتحاد تھا۔ اس وقت فارمولا تھا کہ جس کے نمبر زیادہ ہوں گے وہی وزیر اعلیٰ بنے گا۔ اسی وجہ سے انتخابات کے دوران دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے امیدواروں کو شکست دیتی تھیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو اتحاد کوئی معنی نہیں رکھتا۔ اس لیے انتخابات سے قبل وزارت اعلیٰ کے امیدوار کا اعلان ضروری ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی میں وزیر اعلیٰ کے عہدہ کو لے کر انہیں کوئی ناراضگی نہیں ہے۔ این سی پی کے صدر شرد پوار اور کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے جو بھی وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے طور پر فیصلہ کریں گے، انہیں میری حمایت حاصل ہوگی۔ اس موقع پر ادھو ٹھاکرے نے ریاستی حکومت پر سخت حملہ کیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں کانگریس کے سینئر لیڈر پرتھوی راج چوہان نے کہا تھا کہ مہاویکاس اگھاڑی میں وزیر اعلیٰ کے عہدہ کا فیصلہ انتخابات کے بعد اتحادی مل کر کریں گے۔ وہیں این سی پی کے صدر شرد پوار نے کہا تھا کہ پرتھوی راج چوان ٹھیک کہہ رہے ہیں۔ اسمبلی انتخابات سے پہلے وزیر اعلیٰ کے عہدہ پر بحث نہیں ہونی چاہیے، لیکن آج ادھو نے انہیں وزیر اعلیٰ کے عہدے کا امیدوار قرار دینے کا مطالبہ دوبارہ اٹھایا ہے۔ اس کی وجہ سے مہاوکاس اگھاڑی میں تنازعہ بڑھنے کا امکان ہے۔