ہاکی کے سابق کھلاڑیوں نے نچلی سطح پر کھیل کو ترقی دینے کے لئے ہاکی انڈیا کے اقدام کی ستائش کی

تاثیر  ۱۶   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 16 اگست: سابق ہندوستانی ہاکی کھلاڑیوں نے ملک میں نچلی سطح پر کھیل کو ترقی دینے کے لئے ہاکی انڈیا کے عزم کو سراہا ہے۔ ہاکی انڈیا، نچلی سطح پر کھیل کو ترقی دینے کی اپنی مسلسل کوششوں کے ایک حصے کے طور پر، گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں ملک بھر میں 20 علاقائی چمپئن شپ منعقد کر چکا ہے۔ ہاکی انڈیا نے جمعہ کو ایک ریلیز میں کہا کہ علاقائی چیمپئن شپ، جو مرد اور خواتین دونوں کے لیے منعقد ہوئی جس نے ملک کے شمالی، جنوبی، مشرقی اور مغربی علاقوں میں جونیئر اور سب جونیئر زمرہ کی ٹیموں کو نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کیا۔ مزید برآں جونیئر اور سب جونیئر اکیڈمی چیمپئن شپ نے اس بات کو یقینی بنایا کہ مرد اور خواتین کھلاڑی جو اپنی ریاستی ایسوسی ایشنز کے لیے کھیلنے کا موقع گنوا بیٹھے، انہیں سلیکٹرز کے سامنے اپنی صلاحیتیں دکھانے اور قومی ٹیم میں جگہ حاصل کرنے کا موقع ملے۔ سابق ہاکی کھلاڑی ایڈرین ڈیسوزا نے نچلی سطح پر ترقی کے لئے ہاکی انڈیا کے عزم کی تعریف کی اور کہا، سب سے پہلے تو فیڈریشن کو ایک ساتھ اتنے ٹورنامنٹ منعقد کرنے پر مبارکباد۔ یہ علاقائی چیمپئن شپ کھلاڑیوں کو میچ کا تجربہ دے رہی ہے جو مستقبل میں ان کے لئے مددگار ثابت ہوگی۔ اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے سابق خاتون کھلاڑی جسپریت کور نے کہا کہ ہاکی انڈیا کی طرف سے ملک بھر میں منعقد کی جانے والی علاقائی قومی چمپئن شپ اور اکیڈمی چمپئن شپ اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ جونیئر اور سب جونیئر کھلاڑیوں کو کھیلنے کے کافی مواقع ملیں۔ انہیں پرفارم کرنے کا پلیٹ فارم بھی ملتا ہے اور انہیں ہندوستانی جونیئر ہاکی ٹیموں کے لیے منتخب ہونے کا موقع ملتا ہے۔ یہ مواقع فراہم کرنے سے ہاکی انڈیا کم عمری میں ممکنہ کھلاڑیوں کی شناخت کرنے میں مدد کرے گا، جس سے انہیں عظیم کھلاڑیوں کے روپ میں ڈھالنا آسان ہو جائے گا۔