تاثیر ۲۰ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
سیوان، 20 اگست: بہار کے سیوان میں فائرنگ کا ایک واقعہ سامنے آیا ہے۔ فائرنگ میں زخمی نوجوان کی شناخت دیپک چودھری کے طور پر کی گئی ہے، جو نازک حالت میں پٹنہ میں زیر علاج ہے۔ واقعہ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ گوریاکوٹھی تھانہ علاقہ کے لڈی بازار کا رہنے والا دیپک چودھری اپنے گھر پر سو رہا تھا۔ اسی دوران کچھ دوست اس کے گھر پہنچے اور اسے بلا کر لے گئے۔
اہل خانہ نے بتایا کہ اسے گھر سے کچھ فاصلے پر ایک سنسان جگہ پر لے جا کر گولی مار دی گئی۔ اس کے بعد سب فرار ہو گئے۔ گولی کی آواز سن کر آس پاس کے لوگ بھاگے تو دیکھا کہ ایک شخص گولی لگنے سے زخمی ہے۔ آس پاس کے لوگوں کی مدد سے دیپک چودھری کو سیوان صدر اسپتال لایا گیا، جہاں سے صورتحال نازک کو دیکھتے ہوئے پی ایم سی ایچ ریفر کر دیا گیا ہے۔
اہل خانہ کے مطابق نوجوان کی حالت تشویشناک ہے۔ زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے۔ واقعہ کے حوالے سے مقامی لوگوں نے بتایا کہ نوجوان تاڑی فروخت کرتا ہے۔ ایک ماہ قبل اس کی ہی برادری کے ایک شخص کی سہنی خاندان میں شادی ہوئی، جس میں اس وقت بھی کافی ہنگامہ ہوا تھا۔ کسی طرح معاملہ پرسکون کرا دیا گیا۔ کل رات بدمعاشوں نے دیپک کو بلایا اور گولی مار دی۔
اہل خانہ کے مطابق واقعہ سہنی برادری میں شادی کی وجہ سے بتایا جا رہا ہے۔ حالانکہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ تحقیقات کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ واقعہ کی اصل وجہ کیا ہے ؟ گوریا کوٹھی تھانہ انچارج نے بتایا کہ تحقیقات کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔