حیدرآباد میں شدید بارش سے حسین ساگر ڈیم لبریز، پانی کا اخراج

تاثیر  ۲۱   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد، 21 اگست: شہراورنواحی علاقوں میں جاری مسلسل بارش کے نتیجہ میں حسین ساگر کی سطح آب میں ہونے والے غیر معمولی اضافہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ آبرسانی اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبا د کے عہدیداروں نے فوری طور پر حسین ساگر سے پانی کے اخراج کا فیصلہ کیا اور 1538 کیوسک پانی کے اخراج کے اقدامات کئے گئے۔ محکمہ آبرسانی کے مطابق حسین ساگر میں جو پانی جمع ہورہا ہے وہ 2075 کیوزک ہے جبکہ نکاسی 1538 کیوزک کی گئی۔حسین ساگر کی مکمل سطح آب 513.41 میٹر ہے جبکہ حسین ساگر میں پانی کی سطح 513.53 پہنچنے کی صورت میں عہدیداروں نے فوری طور پر پانی کے اخراج کا فیصلہ کرتے ہوئے حسین ساگر کے دروازوں کو 2 فیٹ تک اونچا کرتے ہوئے پانی کے اخراج کے اقدامات کئے۔
پانی کے اخراج سے قبل ڈپٹی مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد محترمہ سری لتا نے حسین ساگر پہنچ کرصورتحال کا جائزہ لیا اور بعد ازاں عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ نشیبی علاقوں کے عوام کو چوکس کرتے ہوئے پانی کے اخراج کے اقدامات کریں۔ حسین ساگر سے پانی کے اخراج سے قبل اشوک نگر اور دیگر نشیبی علاقوں میں عوام کو متنبہ کرنے کے بعد عہدیداروں نے پانی کے اخراج کا سلسلہ شروع کیا۔