تاثیر ۳۰ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 30 اگست : مرکزی کامرس اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے جمعہ کو گھریلو کمپنیوں سے ایک دوسرے کا ساتھ دینے اور سامان خریدنے کی اپیل کی۔ اس سے انہیں طویل مدت میں فائدہ ہوگا اور عالمی وبا جیسی کسی بھی رکاوٹ سے تحفظ ملے گا۔ وزیر تجارت نے کہا کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے میں اہم رول ادا کرے گا۔
وزیر تجارت نے یہ بات فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (فکی) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرز (سی ای او) گول میز ‘ترقی یافتہ انڈیا-انڈیا مینوفیکچرنگ لیڈرشپ فورم’ سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہی۔ گوئل نے ہندوستانی صنعت کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ ملک میں حال ہی میں منظور شدہ 12 صنعتی شہروں (ٹاؤن شپ) میں کاروباری مواقع تلاش کریں کیونکہ اس سے مینوفیکچرنگ کو فروغ ملے گا۔