تاثیر ۲۰ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
تل ابیب، 20 اگست: اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے درمیان ایک روز قبل اسرائیل پہنچے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پیر کو کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی پر تعطل کو ختم کرنے کی تجویز کو قبول کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بلنکن نے حماس سے بھی ایسا ہی کرنے کی اپیل کی ہے۔ حالانکہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کیا اسرائیل نے جنگجو گروپ کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات کو مدنظر رکھا ہے یا نہیں۔
بلنکن کا یہ بیان پیر کو اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو کے ساتھ ڈھائی گھنٹے کی ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے اور توقع ہے کہ وہ منگل کو مصر کا دورہ کریں گے۔ بلنکن نے کہا، ’’آج وزیر اعظم نیتن یاہو کے ساتھ ایک بہت ہی مثبت ملاقات میں انہوں نے اس تجویز کی حمایت کی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ حماس بھی اس سے اتفاق کرے۔
امریکہ، مصر اور قطر نے کئی مہینوں تک کسی معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کی لیکن مذاکرات بار بار تعطل کا شکار رہے۔ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اس سمجھوتے کی تجویز میں غزہ کے اندر دو اسٹریٹجک راہداریوں پر کنٹرول کے لیے اسرائیل کے مطالبات کو مانا گیا ہے یا نہیں۔ اس بارے میں حماس نے کہا کہ یہ مذاکرات شروع بھی نہیں سکے ہیں۔