تاثیر ۲۸ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
انہیں یہ اعزاز بدعنوانی کو بے نقاب کرنے پر ملا
چھپرہ (نقیب احمد)
بہار کے سینئر صحافی راکیش سنگھ کو اپنی تحریروں کے ذریعے سماج میں بیداری لانے اور بدعنوانی کے خلاف مہم چلانے کے پاداش میں انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کرائم کنٹرول آرگنائزیشن نے اعزاز سے نوازا۔یہ اعزاز آرگنائزیشن کے کرائم یونٹ کے نائب صدر ڈاکٹر ہریکیش تیواری نے عطا کیا۔انہوں نے صحافی راکیش کو انگ وستر اور رودراکش مالا دے کر اعزاز بخشا۔راکیش سنگھ ضلع کے دگھوارا بلاک کے آمی گاؤں کے آبائی باشندہ ہیں۔مگر ان کی پرورش و پرداخت چھپرہ شہر کے دہیواں ٹولہ میں ہوئی ہے۔جگدم کالج کے سابق پرنسپل آنجہانی سشیل کمار سنگھ کے بیٹے راکیش کمار نے قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد صحافت کو اپنے کیریئر کے طور پر منتخب کیا۔وہ چھپرہ،سیوان،پٹنہ،دہلی اور ممبئی کے مرکزی ڈیک پر مختلف ہندی اور انگریزی اخبارات میں 30 سال سے زیادہ عرصے تک سرگرم رہے۔صحافت میں کام کرتے ہوئے انہوں نے عوامی تشویش کی خبروں کو خصوصی اہمیت دی اور معاشرے کو بیدار کیا۔انہوں نے دوران صحافت اپنی سطح پر کرپشن کے خلاف مہم جاری رکھا۔یہ ایوارڈ ان کی غیر جانبدارانہ اور نڈر صحافت کے لیے دیا گیا۔ان کے ساتھ گوپال گنج کے سینئر صحافی سنجے کمار ابھے کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔اس موقع پر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کرائم کنٹرول آرگنائزیشن کے قومی نائب صدر امیت کمار تیواری،جنرل سکریٹری سمپورنانند پانڈے وغیرہ موجود تھے۔